مقبول خبریں
ماضی میں ون مین شو تھا، ہم کام زیادہ کرتے ہیں : وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے کو ایک ٹیم ورک کے طور پر چلا رہے ہیں۔ ماضی میں ون مین شو تھا۔ ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے ملاقات کی۔ محمد بشارت راجہ نے محکمہ قانون و پارلیمانی امور کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ وزیر اعلی کو پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں : منشیات کیس : سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی، حکمران ظالم ٹولہ ہے : رانا ثناء اللہ
وزیر اعلی عثمان بزدار کی ایک سال میں محکمہ قانو ن و پارلیمانی امورکی شاندار کارکردگی پر محمد بشارت راجہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایک سال میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومتیں کئی کئی سال نہیں کر سکیں۔ پنجاب اسمبلی نے پہلے سال ریکارڈ قانون سازی کی۔ پنجاب اسمبلی نے ایک سال میں انتہائی اہمیت کے 19 بل منظور کئے۔ تقریبا 32 اہم بل تیاری کے مراحل میں ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ قانون و پارلیمانی امور کی جانب سے نئی ویب سائٹ کا اجراء خوش آئند ہے۔ صوبے کو ایک ٹیم ورک کے طور پر چلا رہے ہیں۔ ماضی میں ون مین شو تھا۔ کسی سے مشاورت کئے بغیر فیصلے کئے جاتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق دور میں کابینہ کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت مشاورت کے ساتھ فیصلے کر رہی ہے۔ ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ رواں سال بھی اہم نوعیت کے بل پنجاب اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے۔
محمد بشارت راجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت نے عوام کے ہر مسئلے کے حل کو مقدم سمجھا ہے۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ اہم فیصلوں میں صوبائی کابینہ کی مکمل مشاورت شامل ہوتی ہے۔ ماضی میں فرد واحد فیصلے کرتا تھا اور کابینہ کو علم نہیں ہوتا تھا۔