جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

امیتابھ بچن کی بیٹی پہلی بار بطور ماڈل ٹی وی اسکرین پر نظر آئی

17 جولائی, 2018 21:10

بولی وڈ بگ امیتابھ بچن کی بیٹٰی 44 سالہ شویتا بچن نندا بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلنے کا سوچ رہی ہیں۔

جی ہاں، امیتابھ بچن کی بیٹی پہلی بار بطور ماڈل ٹی وی اسکرین پر نظر آئی ہیں۔

شویتا بچن نندا جنہوں نے 1997 میں ہی کاروباری شخص نکھل نندا سے شادی کرلی تھی اور 2 بچوں کی والدہ بننے کے بعد گھریلو خاتون کی زندگی گزار رہی تھیں، وہ پہلی بار کسی ٹی وی اشتہار میں نظر آئی ہیں۔

اس اشتہار کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شویتا بچن نندا کسی اور کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے ہی والد کے ساتھ ماڈلنگ کرتی دکھائی دی ہیں

اشتہار میں امیتابھ بچن کو ریٹائرڈ سرکاری ملازم کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو ماہانہ پنشن پر زندگی گزارتے ہیں، تاہم ایک ماہ کی پنشن میں ان کے اکاؤنٹ میں دگنی رقم آگئی، جسے وہ واپس کرنے کے لیے بیٹی کے ساتھ سرکاری دفتر آئے۔

اشتہار میں ایک ایماندار پنشنر کے مسائل کو دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ بھارت میں سرکاری ملازمین کا پنشنرز کے ساتھ کس طرح کا رویہ ہوتا ہے۔

لیکن اس سے زیادہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ یہ اشتہار پنشنر کی حالت یا سرکاری ملازمین کے رویے پر نہیں بلکہ بھارت کی معروف جیولری کمپنی کی مشہوری کے لیے بنایا گیا ہے۔

اس اشتہار میں ‘کلیان جیولرز‘ کی جانب سے اصول، بھروسے اور احساس کا درس دیا گیا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ 75 سالہ اداکار اپنی 44 سالہ بیٹی کے ساتھ کسی اشتہار میں نظر آئے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اس اشتہار کے بعد امیتابھ بچن کی بیٹی ماڈلنگ یا اداکاری میں قدم رکھیں گی یا نہیں، تاہم ان کے اسکرین کے انداز کو کافی سراہا جا رہا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top