مقبول خبریں
ٹی ایل پی قائدین پر اسلام مخالف گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ شروع
ہالینڈ کی عدالت میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی اور تحریک لبیک یا رسول اللہ (ٹی ایل وائی) کے رہنما مولانا اشرف جلالی کیخلاف اسلام مخالف ڈچ سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دائیں بازو کے اسلام مخالف ڈچ رکن پارلیمنٹ گیرٹ وائلڈرز نے سعد رضوی اور مولانا اشرف جلالی کے خلاف ایمسٹرڈیم ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعد رضوی اور مولانا اشرف جلالی پر توہین مذہب کے الزام میں اسلام مخالف سیاستدان گیرٹ وائلڈرز کو قتل کرنے کے لیے لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے۔
عدالت میں دونوں پاکستانی شہریوں کی غیر موجودگی میں مقدمے کی سماعت ہوئی اور ان کی جانب سے کوئی وکیل موجود نہیں تھا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ہالینڈ کے استغاثہ نے مطالبہ کیا کہ دونوں پاکستانی شہریوں کو 14 سال قید کی سزا سنائی جائے۔
ڈچ پراسیکیوٹرز نے الزام عائد کیا کہ مولانا اشرف جلالی نے اسلام مخالف ڈچ سیاستدان کے قتل کا فتویٰ جاری کیا تھا جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے رہنما سعد رضوی پر بھی گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر اکسانے کا الزام ہے۔
ایک خط میں ڈچ حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ پاکستان نے ملزمان کی حوالگی سے متعلق متعدد درخواستوں کا جواب نہیں دیا اور حکومت اس معاملے پر اسلام آباد پر دباؤ ڈالتی رہے گی۔
واضح رہے کہ نیدرلینڈز کا پاکستان کے ساتھ کوئی قانونی معاونت کا معاہدہ نہیں ہے۔