مقبول خبریں
دنیا کے کئی ممالک میں ٹوئٹر صارفین کو مشکل کا سامنا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس دنیا کے کئی ممالک میں عارضی طور پر معطل ہوگئی، تاہم اس کی بحالی پر کام جاری ہے۔ ٹوئٹر صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے صارفین کو اس مسئلے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر اور ٹوئٹ ڈیک فنی خرابی کی وجہ سے معطل ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے صارفین کو ٹوئٹ کرنے، نوٹیفیکیشن ملنے یا کسی کا میسج پڑھنے میں مشکل پیش آسکتی ہے۔
We’ve been experiencing outages across Twitter and TweetDeck. You might have had trouble Tweeting, getting notifications, or viewing DMs. We’re currently working on a fix, and should be back to normal soon.
— Twitter Support (@TwitterSupport) 2 octobre 2019
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ اس فنی خرابی پر کام جاری ہے اور اسے جلد دور کرلیا جائے گا۔
آوٹیج نامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جاپان، کینیڈا اور انڈیا سمیت کئی ممالک سے ٹوئٹر کی فنی خرابی کی 4 ہزار سے زائد شکایات موصول کی گئیں۔
اس سے قبل ٹوئٹر انتظامیہ نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ کمپنی ٹوئٹ ڈیک میں آنے والی فنی خرابیوں پر کام کررہی ہے، یہ زیادہ تر صحافیوں اور مواد تخلیق کرنے والوں کی جانب سے استعمال کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹوئٹر پر سیاستدان و دیگر کے جعلی اکاؤنٹس کا نوٹس، دفتری اکاؤنٹ بند کرنے پر ٹوئٹر کی مذمت
وہ صارفین جو ٹوئٹ ڈیک پر لاگ ان کرنے کی کوشش کررہے تھے ان کا ٹوئٹ ڈیک کے بجائے ٹوئٹر کا صفحہ کھل رہا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی ٹوئٹر کی سروس دنیا کے کئی ممالک میں عارضی طور پر معطل ہو گئی تھی، جسے بعد ازاں بحال کردیا گیا تھا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ فنی خرابی کی وجہ سے معطل ہوئی.
ویب سائٹ وزٹ کرنے والے صارفین کو یہ پیغام موصول ہورہا تھا، ‘کچھ تکنیکی خرابی ہوگئی ہے’.
پیغام میں مزید کہا گیا کہ خرابی کو جلد دور کرلیا جائے گا.
ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق سروس، صارفین کی زیادہ تعداد اور تکنیکی خرابی کے باعث معطل ہوئی۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز کے موقع پر میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ استعمال کرنے والے کروڑوں افراد پیغامات بھیجنے یا وصول کرنے میں ناکام ہو گئے تھے، جس کی وجہ سروس ڈاﺅن ہونا بتایا گیا۔
دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن کے ڈاﺅن ہونے کی وجہ تو واضح نہیں تھی، تاہم پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے کے بعد سے مختلف ممالک میں سروس معطل ہو کر رہ گئی تھی۔