مقبول خبریں
بابر اعظم سنچریوں میں کوہلی سے آگے نکل گئے، 1000 رنز بھی مکمل

کراچی : پاکستان کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو سنچریوں کے ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ون ڈے میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف بابر اعظم 105 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یہ ان کے کیریئر کی 11 ویں سنچری ہے جو انہوں نے 97 گیندوں پر بنائی۔
Couldn’t ask for a better place to complete my 11th ODI 100 and fastest 1000 runs in a calendar year than to do it in front of my people in Karachi, Pakistan. What a game it was! #RiseAndRise #PakistanZindabad #PAKvSL pic.twitter.com/Jylreete5p
— Babar Azam (@babarazam258) October 1, 2019
سنچریوں کے ریکارڈ میں بابر اعظم نے بھارتی کپتان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور انہوں نے اپنے کیریئر کی 11 ویں سنچری 71 ویں اننگز میں بنائی جبکہ ویرات کوہلی نے 82 ویں اننگز میں 11 سنچریاں بنائی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : دوسرا ون ڈے : سری لنکا کو 67 رنز سے شکست
جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 64 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 65 اننگز میں 11سنچریاں مکمل کی تھیں۔
سری لنکا کیخلاف دوسرے ون ڈے میں بابراعظم نے ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
پاکستان کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے رواں سال ون ڈے میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے۔
بابر اعظم نے یہ کارنامہ رواں سال اپنی 19 ویں اننگز میں انجام دیا، جس کے بعد وہ ایک سال میں ہزار رنز بنانے والے تیز ترین پاکستانی کرکٹر بن گئے۔
بابر اعظم نے سال 2019 میں اپنا ہزارواں رن سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی اننگز کے 54 واں رن مکمل کرکے حاصل کیا۔ وہ 2013 کے بعد کسی کلینڈر ائیر میں ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
ان سے قبل 2013 میں مصباح الحق اور محمد حفیظ نے سال میں ہزار، ہزار رنز بنائے تھے۔
24 سالہ بابر اعظم، مجموعی طور پر پاکستان کے 10ویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے سال میں ایک ہزار یا زائد ون ڈے رنز بنائے ہوں، ان سے قبل محمد یوسف یہ کارنامہ 3 بار انجام دے چکے ہیں جبکہ اعجاز احمد، عامر سہیل، محمد حفیظ اور انضمام الحق نے دو ، دو مرتبہ سال میں ہزار ون ڈے رنز بنائے ہیں۔
جاوید میانداد، مصباح الحق، یونس خان اور سعید انور نے یہ کارنامہ ایک، ایک بار انجام دیا۔
نوجوان بیٹسمین بابر اعظم اس سے قبل بھی پاکستان کیلئے ون ڈے کے متعدد ریکارڈز بناچکے ہیں اور ان کا شمار دور حاضر میں وائٹ بال کے بہترین کرکٹرز میں ہوتا ہے۔