ہفتہ، 22-مارچ،2025
ہفتہ 1446/09/22هـ (22-03-2025م)

شاداب خان کا اپنی میچ فیس زلزلہ متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان

25 ستمبر, 2019 11:28

کراچی : قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کی میچ فیس پاکستان میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

آزاد کشمیر سمیت پنجاب اور خبیرپختونخوا کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے کے نتیجے میں کم ازکم 23 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد شہری زخمی ہو گئے تھے۔

امریکی جیولوجکل سروے کے مطابق سہ پہر 4 بجے آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 تھی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی، اور اس کا مرکز جہلم کے شمال میں آزاد کشمیر اور پنجاب کو جدا کرنے والی سرحد سے 22 اعشاریہ 3 کلومیٹر دور تھا۔

شاداب خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں سری لنکا کے خلاف سیریز کی میچ فیس پاکستان میں زلزلہ متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔


انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مصیبت کے وقت میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی زلزلے پر افسوس اور متاثرین زلزلہ کے اہلخانہ سے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔


قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بھی زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے دل کھول کر متاثرین کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ میری دعائیں متاثرہ افراد اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔


پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی20 سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے ہو گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top