ہفتہ، 22-مارچ،2025
جمعہ 1446/09/21هـ (21-03-2025م)

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی

24 ستمبر, 2019 19:15

کراچی : سری لنکا کی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے اور انہیں بھرپور سیکیورٹی میں ہوٹل منتقل کیا گیا۔

سری لنکا کی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے لہیرو تھری مانے کی قیادت میں کولمبو سے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

سری لنکن ٹیم کی آمد کے پیش نظر شہر میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور شاہراہ فیصل پر پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خصوصی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم کراچی میں تین ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد 29 ستمبر کو دوسرا اور دو اکتوبر کو تیسرا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 5، 7 اور 9 اکتوبر کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کرے گا اور 10 اکتوبر کو سری لنکن ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی۔

کرکٹ سیریز کے لیئے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس کا اجلاس ہوا۔  

اجلاس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، پی سی بی آفیشلز، پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس شہر میں امن و امان کی صورتحال بالخصوص پاکستان بمقابلہ سری لنکا ون ڈے اِنٹر نیشنل کرکٹ سیریز کے حوالے سے منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا از سرِ نو جائزہ لیا گیا۔

سندھ رینجز کا کہنا ہے کہ پاکستان بمقابلہ سری لنکا کرکٹ سیریز کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے قومی ٹیم نے کوئی بھی ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلا۔

پاکستان سپر لیگ کے میچز کے کامیاب انعقاد کی بدولت اس دوران ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے ٹیمیں پاکستان آتی رہیں، لیکن کسی بھی ٹیم نے اب تک لگاتار ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیلی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top