مقبول خبریں
قومی ٹیم دفاعی سوچ سے باہر نکل کر نڈر انداز سے بے خوف کرکٹ کھیلے : رمیز راجہ

لاہور : رمیز راجہ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم دفاعی سوچ سے باہر نکل کر نڈر انداز سے بے خوف کرکٹ کھیلے، کھلاڑی مختلف سوچ کے ساتھ جارحانہ کرکٹ کھیلیں۔ قومی سکواڈ میں انڈر 23 اور انڈر 19 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی شامل کرنا چاہئے تھے۔
سابق قومی کپتان اور دور حاضر کے صف اول کے کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز قومی کھلاڑیوں کے اعتماد کی بحالی کیلئے انتہائی ضروری تھی, جو اپنے ملک میں حریف کا سامنا کر کے خود میں بہتری لائیں گے۔
رمیز راجہ کے مطابق یہی وقت ہے کہ قومی ٹیم دفاعی سوچ سے باہر نکل کر نڈر انداز سے بے خوف کرکٹ کھیلے اور پاکستانی بیٹسمین مختصر فارمیٹ کے میچوں میں مختلف شاٹس اور ورائٹی کا استعمال کرتے ہوئے اپنی اہلیت میں اضافہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت تک بہترین نہیں بن سکتی، جب تک اس کے کھلاڑی مختلف سوچ کے ساتھ جارحانہ کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی پاکستان آنے والی ٹیم اوسط درجے کی ہے لہذا قومی کرکٹرز کو اس کا دباؤ لینے کی ضرورت نہیں، قومی سکواڈ میں انڈر 23 اور انڈر 19 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی شامل کرنا چاہئے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی سکیورٹی پر آئی سی سی کا اعتماد بھی بڑھنے لگا ہے، آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کردیا۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا، شوزیب رضا اور آصف یعقوب بھی سیریز میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔