مقبول خبریں
سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیئے قومی ٹیم کا اعلان

لاہور : پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف قومی ون ڈے ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
قومی اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، آصف علی، عماد وسیم، امام الحق، افتخاراحمد، محمدنواز، شاداب خان،محمد رضوان، وہاب ریاض، حارث سہیل، محمد حسنین، محمد عامر اور فخر زمان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 کھلاڑیوں کا اعلان
مصباح نے کہا کہ حسن علی سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ تھے، لیکن کل ان کو کمر میں تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد فزیو کے مشورے انہیں سیریز کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا اور وہ بحالی کے عمل سے گزرنے کے بعد اب قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ اب تک عماد وسیم ہی ہمارے پاس ایک ایسے کھلاڑی تھے، جو باؤلنگ کرنے کے ساتھ ساتھ نچلے نمبروں پر آ کر بیٹنگ بھی کر رہے تھے، لیکن ہم نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد نواز کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں محمد نواز کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور وہ فرسٹ کلاس کے ساتھ ساتھ حال ہی میں قائد اعظم ٹرافی میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شعیب ملک ریٹائر ہو چکے ہیں اور محمد حفیظ بھی سیریز کے لیے دسیتاب نہیں تھے اور اسی وجہ سے ہم نے افتخار احمد کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے، کیونکہ وہ آف اسپن باؤلنگ کی اضافی خوبی کے حامل ہیں۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ماضی میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی موجودگی کی وجہ سے ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی تھی، لیکن اب دونوں تجربہ کار کھلاڑی موجود نہ ہونے کے سبب افتخار احمد کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
مصباح الحق نے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فخر زمان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے فخر کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن وہ اس سے قبل مسلسل ایک ڈیڑھ سال اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں، ان کی ون ڈے کرکٹ میں 47 کی اوسط ہے لہٰذا چند میچز کی خراب کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا جا سکتا ہے۔