ہفتہ، 22-مارچ،2025
ہفتہ 1446/09/22هـ (22-03-2025م)

سابق کرکٹر عبدالقادر کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

07 ستمبر, 2019 18:08

لاہور : سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کی نمازجنازہ دربار میاں میر میں ادا کردی گئی ہے۔ نمازجنازہ میں سابق اور موجودہ کرکٹرز سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق، مصباح الحق، سرفرازاحمد، مشتاق احمد، توصیف احمد، بابراعظم، کامران اکمل، عمر اکمل اور دیگر نے بھی جنازے میں شرکت کی۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے عبدالقادر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کی نماز جنازہ کے بعد تدفین بھی کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کرگئے تھے۔ اہل خانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جمعہ کے روز ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی۔ عبد القادر نے بتایا کہ انہیں دل میں تکلیف محسوس ہو رہی ہے، جس کے بعد انہیں فوری لاہور کے پنجاب کارڈیالوجی ہسپتال لے جایا گیا۔ تاہم اسپتال پہنچنے تک وہ اس جہاں فانی سے کوچ کر چکے تھے۔

عبدالقادر کے انتقال کی خبر آتے ہی تعزیتی پیغاموں کا سلسلہ شروع ہوگیا، پاکستان سمیت دنیا بھر سے مایہ کرکٹر کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبدالقادر کے انتقال کی خبر پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی تھی۔ چیئرمین پی سی بی احسان اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔


قومی کرکٹ کے کپتان سرفراز احمد اور سابق کپتان معین خان نے ان کے انتقال کو کرکٹ کے لیے بڑا نقصان قرار دیا تھا۔

سابق کپتان شعیب ملک، اظہر محمود اور وہاب ریاض، شاہد آفریدی و دیگر نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ عبدالقادر اپنے دور کے بہترین لیگ اسپنر تھے، وہ چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

عبدالقادر نے دسمبر 1977ء میں انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور 67 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ٹیسٹ کیریئر کے دوران انہوں نے 32 اعشاریہ 80 کی اوسط سے مجموعی طور پر 236 وکٹیں حاصل کیں۔

کسی بھی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں اُن کی بہترین بولنگ 56 رنز کے عوض 9 وکٹیں تھی جبکہ 101 رنز دے کر 13 وکٹیں کسی بھی ٹیسٹ میچ میں اُن کی سب سے اچھی پرفارمنس تھی۔

ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں عبدالقادر نے اپنے کیریئر کی ابتداء جون 1983ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کی۔

عبدالقادر نے 104 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 26 اعشاریہ 16 کی اوسط سے 132 وکٹیں حاصل کیں، 44 رنز دے پانچ وکٹیں اُن کی بہترین پرفارمنس رہی۔

کرکٹ کے حلقوں میں ’باؤ‘ کے نام سے شہرت رکھنے والے عبدالقادر نے پیش امام کے گھر آنکھ کھولی وہ غریب فیملی سے عالمی شہرت یافتہ اسپنر بنے، لیکن کلمہ حق بولنے سے نہیں ڈرتے تھے۔

گزشتہ سال اگست میں عمران خان نے وزیراعظم کا حلف لینے کے لئے اپنے جن بے تکلف دوستوں کو مدعو کیا تو ان میں عبدالقادر بھی شامل تھے۔ اس خبر پر وزیراعظم بھی اظہار کیئے بغیر نہ رہ سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی لیجنڈ کھلاڑی عبدالقادر کے انتقال پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عبدالقادر کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ آج کے دور میں ڈی آر ایس کے قانون کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہوتے جب امپائر بلے بازوں کو فرنٹ فٹ پر کھیلنے کے باوجود ایل بی ڈبلیوآئوٹ قرار دے دیتے ہیں تو ان کی وکٹیں عظیم لیگ سپنر شین وارن کے برابر ہوتیں۔


وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ ڈریسنگ روم کی جان تھے، ٹیم کواپنے مزاح اور ذہانت سے محظوظ کرتے تھے، عبدالقادر کے باؤلنگ کے اعدادو شمار ان کے ٹیلنٹ سے مکمل طور پر انصاف نہیں کرتے ہیں۔ میں ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عبدالقادر کی گگلی نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آج ایک عظیم اسپورٹس مین اور انسان سے محروم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوارخاندان کو یہ نا قابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔


 لیگ اسپن بولنگ میں استاد کا درجہ رکھنے والے عبدالقادر کے انتقال پر بھارت سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق بھارتی کھلاڑی بشن سنگھ بیدی نے عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’عبدالقادر اب اس دنیا میں نہیں ہیں، کرکٹ کی دنیا میں اُن کی اسپن خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ آپ نے پاکستان میں جو دیگر خدمات انجام دیں وہ بھی یاد رہیں گی۔ اللہ رحم کرے، عبدالقادر کے گھر والوں کو وہ دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : معروف اداکار عابد علی انتقال کرگئے، اہلیہ کی تصدیق

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عبدالقادر کی کھیلتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ ’انہیں وہ وقت یاد ہے جب انہوں نےعبدلقادر کے خلاف کھیلا تھا، وہ اپنے وقت کے بہترین اسپنرز میں سے ایک تھے۔ اُن کے اہل خانہ کو میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔‘

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور کھلاڑی انیل کمبلے نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں عبدالقادر کے اچانک انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، عبدالقادر ایک بہترین لیگ اسپنر تھے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سنجے سبرامنین نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ انہوں نے عبدالقادر کے ساتھ ایک لمبا عرصہ گزارا۔ وہ لاجواب بولر اور ایک بہترین لیگ اسپنر تھے۔

بھارت سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر تعزیت کی ہے، پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اپنے گرو اور سرپرست عبدالقادر صاحب کے انتقال کا سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ وہ ایک ایسے شخص تھے جو ہمیشہ نہ صرف کرکٹ بلکہ زندگی کے ہر موڑ پر میری رہنمائی کرتے تھے۔ وہ بہت سے لوگوں کے لیے باپ کی مانند تھے، اُن کے حسن سلوک کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ اللہ انہیں جنت میں جگہ دے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی فلپ ڈیفریٹاس نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر لکھا کہ انہیں یہ سن کر بہت دکھ ہوا ہے کہ ایک بہترین لیگ اسپنر عبد القادر کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ عبدالقادر کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top