مقبول خبریں
فوج کے اعلیٰ افسر اپنے دو بھائیوں سمیت ڈی آئی خان سے اغوا
پاک فوج کے سینئر افسر کو ان کے دو بھائیوں کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان سے مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فوجی افسر اور ان کے دو بھائیوں کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے اس وقت اغوا کیا جب وہ اپنے والد کے انتقال پر لوگوں سے مل رہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوجی افسر کے دو بھائی جن میں سے ایک کنٹونمنٹ بورڈ ہیڈ آفس راولپنڈی میں خدمات انجام دے رہا ہے جب کہ دوسرا نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے منسلک ہے۔
تحصیل کلاچی کے محلہ خضر خیل کی ایک مسجد میں اپنے والد کی وفات پر تعزیت کے لیے آئے لوگوں کا استقبال کر رہے تھے جب مشتبہ عسکریت پسند آئے اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
تینوں افسران اپنے والد کی نماز جنازہ کے لئے اپنے آبائی علاقے میں آئے تھے جو گزشتہ روز ادا کی گئی تھی۔
کولاچی پولیس نے واقعے کی تصدیق کی لیکن اعلیٰ پولیس حکام معاملے کی تردید یا تصدیق نہ کرسکے۔
واضح رہے کہ یکم اگست کو کلاچی کے علاقے ہتھلہ تھانے کی حدود میں مسلح افراد نے ایک نجی سکیورٹی کمپنی کی وین کو ہائی جیک کرکے 4 کروڑ روپے رقم لوٹ لی تھی۔