مقبول خبریں
سرکاری ملازمین پر سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد
حکومت نے سرکاری ملازمین پر سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی لگادی ہے۔
وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) جاری کیے ہیں، جس کے تحت سرکاری ملازمین کی جانب سے ان کے استعمال کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ سرکاری ملازمین کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے نامناسب استعمال کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات کے بعد سامنے آیا ہے۔
حکومت کا خیال ہے کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے سوشل میڈیا استعمال کرنے کی وجہ سے قومی سلامتی اور عوامی اعتماد پر سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
کابینہ سیکریٹریٹ نے باضابطہ طور پر ایس او پیز جاری کردیے ہیں جس میں سوشل میڈیا پر سرکاری ملازمین کے طرز عمل کے حوالے سے سخت گائیڈ لائنز کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
نئے قوانین کے مطابق سرکاری ملازمین کو کسی بھی سوشل میڈیا مباحثے میں حصہ لینے سے منع کیا گیا ہے جس میں سیاسی رائے شامل ہو، ملازمین کو حکومت کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی میڈیا پلیٹ فارم پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
گائیڈ لائنز میں سرکاری ملازمین کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی وابستگی کا عوامی طور پر اظہار کرنے سے بھی روکا گیا ہے اور حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر سوشل میڈیا پر کاروباری تشہیر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ نئے ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے میں ناکام رہنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔