مقبول خبریں
پی ٹی اے نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سے متعلق خبر دار کر دیا
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اکتوبر کے اوائل میں انٹرنیٹ سست رہنے سے متعلق خبر دار کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ اکتوبر کے اوائل تک انٹرنیٹ سست رہنے کا امکان ہے کیونکہ اس تعطل کی ذمہ دار آبدوز کیبل کی مرمت کی جائے گی۔
کاروباری برادری اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز (آئی ایس پیز) نے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ ٹریفک کی نگرانی کی کوششوں بشمول نام نہاد ‘فائر وال’ کی وجہ سے ڈیجیٹل خدمات سست روی کا شکار ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں معاشی نقصانات ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:انٹرنیٹ کی بندش سے ملکی معیشت کو کتنے اربوں کا نقصان پپہنچا؟
دوسری جانب پی ٹی اے نے گزشتہ ہفتے انٹرنیٹ سست روی کا ذمہ دار ایک ناقص آبدوز کیبل کو قرار دیتے ہوئے فائر وال کے خدشات کو مسترد کر دیا تھا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر سست روی کی وجہ دو آبدوز کیبلز ہیں جن میں سے ایک کیبل کی مرمت ہونا ابھی باقی ہے۔
ملک بھر میں جاری انٹرنیٹ سست روی کی بنیادی وجہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر جوڑنے والی سات بین الاقوامی آبدوز کیبلز میں سے دو (ایس ایم ڈبلیو 4، اے اے ای-1) میں خرابی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور صارفین کو موبائل ڈیٹا سے منسلک ہونے پر واٹس ایپ کے ذریعے میڈیا اور وائس نوٹ بھیجنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور براڈ بینڈ پر بھی براؤزنگ کی سست رفتار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔