مقبول خبریں
طیارہ گرگر تباہ، عملے سمیت 61 افراد ہلاک
برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں سوار تمام 61 افراد ہلاک ہو گئے۔
بی بی سی کے مطابق ووپاس ایئر لائن کا کہنا ہے کہ دو انجنوں والا ٹربوپروپ جنوبی ریاست پرانا کے کیسکاویل سے ساؤ پالو شہر کے گوارولہوس ہوائی اڈے کے لیے پرواز کر رہا تھا جو ونہیڈو شہر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک طیارہ عمودی طور پر نیچے اتر رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھروں سے بھرے ہوئے علاقے میں ایک بڑے علاقے میں آگ لگی ہوئی ہے اور ملبے سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
ایئر لائن کے مطابق اے ٹی آر 72-500 میں 57 مسافر اور عملے کے 4 افراد سوار تھے۔ مقامی حکام کے مطابق حادثے میں کوئی زندہ نہیں بچ سکا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فلائٹ ریکارڈرز کو حاصل کرا لیا گیا ہے۔ فرانسیسی اطالوی طیارہ ساز کمپنی اے ٹی آر نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقامی کنڈومینیم کمپلیکس میں صرف ایک گھر کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب برازیل کے صدر لوئیز اناسیو ڈی سلوا نے ہلاک افراد کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جب کہ ساؤ پالو کے ریاستی گورنر ٹارسیو گومز ڈی فریٹاس نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ راڈار 24 کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 56 منٹ پر کیسکاویل سے روانہ ہوا۔ طیارے سے ملنے والا آخری سگنل تقریبا ڈیڑھ گھنٹے بعد ملا تھا۔