مقبول خبریں
آزادی مارچ : نواز شریف کی ہدایات، شہباز شریف نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا

لاہور : نواز شریف کی آزادی مارچ کے حوالے سے دو ٹوک مؤقف پر شہباز شریف نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
نواز شریف کی جانب سے آزادی مارچ کی حمایت کے واضح اعلان کے بعد مارچ کی تیاریوں کے لئے مسلم لیگ (ن) لائحہ عمل طے کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی اعلیٰ سطح مشاورت ماڈل ٹاون لاہورمیں ہوگی۔ نواز شریف کے خط کے تناظر میں آزادی مارچ کے لئے لائحہ عمل طے ہوگا۔
شہباز شریف مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خط کے مندرجات سے پارٹی کے رہنماؤں کو آگاہ کریں گے۔ نواز شریف نے مارچ کے حوالے سے جو ہدایات دی ہیں اس پر عملدرآمد کا پلان بنایا جائے گا،
یہ بھی پڑھیں : نواز شریف نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کردیا ہے : مولانا فضل الرحمن
نواز شریف کے مارچ میں شرکت اور حمایت کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن متحرک ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی طرف سے لکھے گئے خط میں واضح طورپر پارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا ساتھ نہیں چھوڑنا ہے۔ حکومت مخالف احتجاج میں بھرپور شرکت کرنی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بیان دیا ہے کہ پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے لاہور میں ہوگا۔ پارٹی کے صدر شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں نواز شریف کی رہنمائی میں آزادی مارچ میں میں شرکت کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی غور ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری شوگر مل کیس میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ انہوں نے شہباز شریف کو خط لکھ کر ہدایات دے دی ہیں۔