مقبول خبریں
آزادی مارچ : مولانا فضل الرحمان آج پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان آج پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے۔
جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج آزادی مارچ کے سلسلے میں راولپنڈی کی جامعہ اسلامیہ میں اڑھائی بجے پریس کانفرنس کے دوران اہم اعلان کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان کی نواز شریف اور بلاول بھٹو کی حمایت کے بعد سیاسی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔ حکومت کی جانب سے بھی مذاکرات کا آپشن کھلا رکھنے کا سگنل مل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کی مولانا پر دباؤ بڑھانے کی کوشش، اہم سفارتی شخصیت کی جے یو آئی سربراہ سے ملاقات
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان آج اپنی جماعت کی حتمی حکمت عملی بارے پارٹی کارکنوں کو ہدایات بھی دیں گے۔ راولپنڈی ڈویژن کے ذمہ داران سے مشاورت اور انہیں مارچ کی میزبانی کے انتظامات سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
جمیعت علماء اسلام راولپنڈی ڈویژن آزادی مارچ کی میزبانی کے فرائض انجام دے گی۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر سے آزادی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) نے بھی اپنے پارٹی قائد میاں نواز شریف کی جانب سے خط میں دی گئی ہدایات پر حتمی فیصلہ کرے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں جے یو آئی ف کے حمایت یافتہ مدارس کی فہرست مرتب کرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں اراکین نے سوال کیا کہ کیا جے یو آئی ف سے مذاکرات کے لئے کوئی کمیٹی قائم کی گئی ہے؟ اس پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ کمیٹی کے قیام کی فی الحال ضرورت نہیں مگر مذاکرات کا آپشن کھلا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر کوئی خود بات کرنا چاہے تو دروازے بند نہیں ہیں، مدرسہ اصلاحات سمیت اہم ایشوز پر کوئی بات کرنا چاہے تو اعتراض نہیں ہے۔