جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

گورنر سندھ نے حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی کے درمیان صلح کروادی

12 اکتوبر, 2019 12:28

کراچی : گورنر ہائوس میں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کی ملاقات ہوئی، جس کی اندورنی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ملاقات میں پارٹی ارکان نے اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کے مابین سرد جنگ سے متعلق گورنر کو آگاہ کیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی کو وارننگ دی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اگراب ارکان اسمبلی نے شکایت کی تو دونوں کو تبدیل کردیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی نے گورنر سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی شکایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے مخالفین نے فردوس شمیم پر اور پارلیمانی لیڈر کے مخالف ارکان نے حلیم عادل شیخ پر الزام لگائے۔

ارکان اسمبلی کا مؤقف تھا کہ دونوں لیڈروں کے اختلاف کے باعث اسمبلی میں بھی ارکان دھڑے بندی کا شکار ہو رہے ہیں۔ دونوں لیڈران کے حامی دوسرے گروپ کی قرارداد، تحریک استحقاق، التواء یا پوائنٹ آف آرڈر ہو تو مخالفت کرنے لگے جاتے ہیں۔

ارکان اسمبلی نے شکایت گورنر سے کی کہ حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی کے اختلافات سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دونوں حضرات پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کو کئی معاملات میں اعتماد میں نہیں لیتے ہیں۔

گورنرسندھ نے اپوزیشن اور پارلیمانی لیڈر میں ناراضگیاں دور کرادیں۔ گورنر سندھ نے دونوں رہنماؤں کو گلے بھی ملوایا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مشکل حالات ہیں، اگر اختلافات کا شکار رہے تو پارٹی کا نقصان ہوگا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل خبریں آئیں تھیں کہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اختلافات نوک جھونک سے بڑھ کر تکرار اور جھگڑے تک پہنچ گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کےچیمبر میں حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی کےدرمیان جھگڑا ہوا۔ فردوس نقوی نے ہم خیال ارکان کا الگ اجلاس بلایا تھا۔

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی میں پھوٹ کی وجہ ہتک آمیز رویہ ہے ارکان کی حاضریاں چیک کرنے اور دیگرمعاملات پر کئی ارکان فردوس شمیم نقوی سے ناراض ہیں اور انہیں ہٹانے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اختلافات کی تردید کرتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top