مقبول خبریں
حکومت نے جے یو آئی ف کے حمایت یافتہ مدارس کی فہرست مرتب کرلی

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں جے یو آئی ف کے حمایت یافتہ مدارس کی فہرست مرتب کرلی۔
مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے خلاف حکومت نے ایکشن لے لیا ہے۔ جے یوآئی کے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موجود مدارس کی فہرستیں تیار کرلی گئیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق سول خفیہ اداروں کو مدارس کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ آئی نائن فور، ترنول پاس سرائے خربوزہ، راولپنڈی صدر میں قائم جے یو آئی کے مدارس سمیت دیگر کی فہرستیں مرتب کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں وفاق المدارس کے پاس کل رجسٹرڈ مدارس کی تعداد ساٹھ ہے۔ ہر مدرسے کی تقریباً 5 سے 6 شاخیں ہیں۔ اس اعتبار سے وفاق المدارس العربیہ کے مدارس تقریبا 250 کے قریب ہیں۔ جے یو آئی ف کے حمایت یافتہ بڑے مدارس کی تعداد تقریباً 20 اور شاخیں ملا کر 50 سے زائد بنتی ہیں۔
دوسری جانب جے یو آئی کے رہنماء مولانا غفور حیدری کا کہنا تھا کہ مدارس کے طلبہ کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی۔ حکومت مدارس کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے۔
حکومت کی طرف سے مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطا الرحمان اور مفتی ابرار احمد سمیت اہم رہنماؤں کی نقل و حرکت کی بھی نگرانی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے سلسلے میں راولپنڈی کی جامعہ اسلامیہ میں اڑھائی بجے پریس کانفرنس کے دوران آج اہم اعلان کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان کی نواز شریف اور بلاول بھٹو کی حمایت کے بعد سیاسی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔ حکومت کی جانب سے بھی مذاکرات کا آپشن کھلا رکھنے کا سگنل مل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان آج اپنی جماعت کی حتمی حکمت عملی بارے پارٹی کارکنوں کو ہدایات بھی دیں گے۔ راولپنڈی ڈویژن کے ذمہ داران سے مشاورت اور انہیں مارچ کی میزبانی کے انتظامات سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔