مقبول خبریں
نواز شریف نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کردیا ہے : مولانا فضل الرحمن

چنیوٹ : مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا دھرنا جائز حکومت کے خلاف تھا جبکہ ہمارا مارچ ناجائز حکومت کے خلاف ہے۔ پارٹیوں کے فیصلے لیڈر کرتے ہیں اور نواز شریف نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کردیا ہے۔
چنیوٹ میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا دھرنا جائز حکومت کے خلاف تھا جبکہ ہمارا مارچ ناجائز حکومت کے خلاف ہے۔ آزادی مارچ ناجائز اور نااہل حکومت سے آزادی حاصل کر کے دم لے گا۔ ناجائز حکومت مارچ روکنے کے لیے آمرانہ حربے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹیوں کے فیصلے لیڈر کرتے ہیں اور نواز شریف نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کردیا ہے۔ آزادی مارچ کا ساتھ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندے بھی دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کی مولانا پر دباؤ بڑھانے کی کوشش، اہم سفارتی شخصیت کی جے یو آئی سربراہ سے ملاقات
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ نے کہا کہ تاجر سراپا احتجاج اور ڈاکٹر بلبلا رہے ہیں۔ سفارتی کاری میں ہار چکے ہیں۔ کشمیر کے مسئلے پر حکومت مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ نااہل حکومت کشمیر کا سودا کرچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سفارتی کاری کی ناکامی کے بعد اقوام متحدہ کے اجلاس میں ایٹمی جنگ کی دھمکی دینا دوسری بے وقوفی ہے۔ انڈیا کو ایٹمی جنگ کی دھمکی دے کر ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چین ناراض ہے، سی پیک منصوبہ رک گیا ہے۔ سی پیک منصوبے کو متنازعہ بنانے کے لیے آرڈیننس کے ذریعے اتھارٹی بنائی جارہی ہے۔
اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر ان کا کہنا تھا کہ میں را کے ایجنڈ پر نہیں، پاکستان کے ایجنڈے پر کام کررہا ہوں۔ 27 اکتوبر کو آزادی کا مارچ کا آغاز ہوگا، راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تو راستہ کھولیں گے۔
اسلام آباد میں ڈینگی کے سوال پر کہا مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارا مسئلہ ڈینگی نہیں ڈینگا ہے۔ جے یو آئی (ف) سربراہ نے مولانا عبدالقوی اور طاہر محمود اشرفی کے بیانات پر جواب دینے سے انکار کردیا۔