مقبول خبریں
منی لانڈرنگ : اقبال زیڈ احمد کی درخواست ضمانت، نیب کو ںوٹس جاری، علاج کا حکم

کراچی : سندھ ہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار اقبال زیڈ احمد کی درخواست ضمانت کی سماعت پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار اقبال زیڈ احمد نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ اقبال زیڈ احمد نے سینئر وکیل اعتراز احسن کے توسط سے درخواست دائر کی۔
درخواست کے ساتھ چئیرمین کا ہدایت نامہ بھی منسلک کیا گیا ہے، جس کے مطابق نیب کاروباری شخصیات کے خلاف قانون کارروائی نہیں کرے گا۔
درخواست کی سماعت پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کردیا اور حکم دیا کہ اقبال زیڈ احمد کے ذاتی معالج سے طبی معائنہ کرایا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایک طرف ہم آئے روز چئیرمین نیب کی پریس کانفرنس سنتے ہیں، دوسری طرف یہ ہدایت نامہ، کس الزام میں اقبال زیڈ احمد کو گرفتار کیا گیا ہے؟
یہ بھی پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس : خانانی اینڈ کالیا گروپ کے تمام ملزمان بری
نیب نے عدالت کو بتایا کہ اقبال زیڈ احمد منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ریمانڈ پر ہیں۔
اعتزاز احسن ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اقبال زیڈ احمد بند لاک اپ میں رکھا گیا ہے۔ اقبال زیڈ احمد عمر رسیدہ اور شدید علیل ہیں۔ چئیرمین نیب کے ہدایت نامے کے بعد اقبال زیڈ احمد کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اقبال زیڈ احمد کو آرام دہ بستر فراہم کیا گیا ہے۔ کسی بھی ملزم کا طبی معائنہ کرنے کے لیے نیب کے پاس ڈاکٹروں کی ٹیم موجود رہتی ہے،
نیب پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ جس ڈاکٹر سے علاج کرانے کی فرمائش کی جارہی ہے، اس ڈاکٹر کا وقت ہی تین چار ماہ بعد ملتا ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ یہ نیب کی ذمہ داری ہے، نیب والے خود ڈاکٹر سے وقت لیں اور اقبال زیڈ کا چیک اپ کرائیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس طرح امیر اور غیر میں کیا فرق رہ جائے گا، لوگ کہیں گے امیر کا بڑے اسپتال سے علاج کرایا جارہا ہے۔