مقبول خبریں
وقت آنے پر شہباز شریف بھی ٹائم بم ثابت ہو سکتے ہیں : کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان

لاہور : کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ جیل میں ملاقات سے رابطے کو توڑنے کے لیے نیب نے نواز شریف کے خلاف نیا کیس بنایا ہے۔ کہ شہباز شریف کو کم نہ سمجھا جائے، وقت آنے پر وہ بھی ٹائم بم ثابت ہو سکتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے نواز شریف کی جیل میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ ایک رابطہ جڑا ہوا تھا، جیل میں ملاقات سے رابطے کو توڑنے کے لیے نیب نے نواز شریف کے خلاف نیا کیس بنایا ہے۔
صفدر اعوان نے کہا کہ نواز شریف نے حسین نواز کو آزادی مارچ سے متعلق خط لکھ دیا ہے، آزادی مارچ کے دوران حسین نواز مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔ حسین نواز اپنے والد کی ہدایات مولانا فضل الرحمان کو وقتاً فوقتاً بتاتے رہیں گے۔
شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو کم نہ سمجھا جائے، وقت آنے پر وہ بھی ٹائم بم ثابت ہو سکتے ہیں۔ شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد کیپٹن (ر) صفدر نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت سے متعلق واضح اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو بھی نواز شريف سے پيار کرتا ہے وہ دھرنے ميں جائے گا۔
صفدر اعوان کا کہنا تھا کہ مارچ میں ضرور جاؤں گا۔ میرا شمار مولانا کے پیچھے تکبیر پڑھنے والوں میں ہوگا۔ اس دھرنے سے بڑا کچھ چلا جائے گا۔ میں اس حکومت کو بنتے ہی نہیں دیکھ رہا تھا۔ یہ دھرنا نہیں آزادی مارچ ہے، جو کہ کامیاب ہوگا۔ مولانا امامت کریں گے اور پیچھے پوری پاکستانی قوم ہوگی۔