جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

فارن فنڈنگ کیس : تحریک انصاف کی چاروں درخواستیں مسترد

10 اکتوبر, 2019 12:49

اسلام آباد: فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا۔ الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک کرنے سے روکنے کی چاروں درخواستیں مسترد کردیں۔

تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک کرنے سے متعلق درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چاروں درخواستیں مسترد کر دیں ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے۔ تحریک انصاف اور درخواست گزار اکبر ایس بابر 14 اکتوبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ : چیف الیکشن کمشنر کے خلاف حلف نہ لینے پر سپریم کورٹ بار اپیل دائر

تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک کرنے سے روکنے کے لیے کمیٹی کو 4 درخواستیں دی تھیں۔ کمیٹی نے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اسکروٹنی کمیٹی درخواست گزار اکبر ایس بابر کی درخواست پر تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ 

درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ ٹرانسکرپٹ تحریک انصاف کے خلاف فنڈنگ کیس عوام کے سامنے اصل حقائق لے کر آئے گا۔ الحمد اللہ تحریک انصاف کی چاروں درخواستوں کو الیکشن کمیشن نے مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی فنڈنگ کی اسکروٹنی کا عمل اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ تحریک انصاف کیس سے بھاگنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ ان کی عمران خان کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ جو اصول دوسروں کے لیے طے کیے تھے وہ اپنے لیے بھی لاگو کرنا ہوں گے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کرتے ہوئے اسٹیٹ بنک کا ڈیٹا ، خفیہ اکائونٹس اور بیرون ملک سے اربوں ،کھربوں روپے کی رقوم کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ مقدمے کی سماعت اوپن ہونی چاہیے، قوم کا حق ہے کہ حقائق جانے، عمران خان کی طرف سے تمام حقائق اور الیکشن کمیشن کی کارروائی کو خفیہ رکھنے کی درخواست دی گئی تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top