مقبول خبریں
پنجاب اسمبلی میں سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے لیئے قرارداد

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے لیئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کی قرارداد جمع کروا دی گئی ہے۔ قرارداد میں ایوان نے سری لنکن ٹیم سے ٹی ٹوئنٹی میں وائٹ واش کی تحقیقات کرائی جانے کا مطالبہ گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ایوان پاک سری لنکا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں پاکستان کے وائٹ واش پر گہرے افسوس اور غصے کا اظہار کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سرفراز ٹیسٹ کی کپتانی چھوڑیں، مصباح کو پی سی بی چیئرمین بنادیا گیا : ظہیر عباس
قرار داد کے متن کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون ٹیم 8 ویں نمبر کی ٹیم سے سیریز ہار گئی، سری لنکن ٹیم کے نوزائیدہ کھلاڑیوں نے باآسانی تینوں میچ جیت لیے، قومی کرکٹ ٹیم کی شکست سے پاکستانی قوم میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
متن کے مزید مطابق کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بطور کپتان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام نہیں دے پائے ہیں۔
ایوان سرفراز احمد کو کپتانی سے فوری ہٹانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ سرفراز احمد قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے مزید اہل نہیں رہے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کسی ذمہ دار اور تجربہ کار کھلاڑی کو دی جائے جو ٹیم کو متحد رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کردیا۔
گزشتہ دونوں میچوں کی طرح اس میچ میں بھی سری لنکن باؤلرز نے کمال لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔
پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی اور سری لنکا نے میچ میں 13 رنز سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔