مقبول خبریں
ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے سپاہی شہید، دو خواتین زخمی

روالپنڈی : بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی شہید، جبکہ دو خواتین زخمی ہو گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی نعمت ولی شہید ہوگئے۔
بھارتی فوج کی جانب سے آبادی کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، لائن آف کنٹرول کے سریاں گاؤں کی دو خواتین بھی زخمی ہوگئیں ہیں۔
پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا۔ بھارتی فوج کے جانی نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مغربی سرحد پر دہشتگروں کی فائرنگ، پاک فوج کے 4 جوان شہید
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔
بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنڑول پر آئے روز بلا جواز فائرنگ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے زیر تسلط باسیوں کی آواز اٹھائی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس میں ملیحہ لودھی نے 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر حملے کے بعد کی صورتحال پر بات کی اور بتایا کہ ‘رات میں چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں بچوں کو اٹھالیا گیا، تشدد اور زبردستی گرفتاریوں کی وہ داستانیں وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی ہیں کہ کس طرح بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کو بغیر کسی وجہ کے گھرسے لے جایا گیا’۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو درپیش اس ‘سنگین حقیقت’ پر توجہ دی، جو 2 ماہ سے زائد عرصے سے سخت لاک ڈاؤن میں موجود ہیں، ساتھ ہی عالمی برادری اور یونیسیف، اقوام متحدہ کی بچوں کی ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی امداد کے لیے آئیں۔
واضح رہے کہ تیسری کمیٹی جو سماجی، انسانی اور ثقافتی معاملات دیکھتی ہے اس نے رواں ہفتے خواتین کی ترقی پر ایک مباحثہ کیا اور ملیحہ لودھی نے موقع کی مناسبت کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے سفارتکاروں پر زور دیا کہ وہ غیرملکی قبضوں میں زندگی گزارنے والی خواتین اور بچوں پر بھی قریب سے نظر ڈالے۔