اتوار، 23-مارچ،2025
اتوار 1446/09/23هـ (23-03-2025م)

وزیر اعلیٰ سندھ کا کچرا پھینکنے اور غیر قانونی پلاٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

09 اکتوبر, 2019 12:22

کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ نے عمارت کا ملبہ اور کچرا پھینکنے والے دکانداروں کی دکان و عمارت کو سیل کرنے اور غیر قانونی پلاٹنگ کرنے والوں کو جیل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کچرا اٹھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ، صفائی مہم سے منسوب تمام وزراء، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون، اسپیشل اسسٹنٹ، پرنسپل سیکریٹری، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے۔

ڈی سی ایسٹ، ڈی سی کورنگی، ڈی سی ملیر، ڈی سی سائوتھ اور ڈی سی ضلع وسطی نے صفائی کی صورتحال پر وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ کچھ لوگ خواہ مخواہ اس صفائی مہم پر تنقید کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گلی میں کچرا کیوں پھینکا، پولیس نے شہر کی تاریخ کا پہلا مجرم پکڑلیا، مقدمہ درج

وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ گڈاپ میں پولیو مسائل کی وجہ سے اس علاقے کو صاف ستھرا رکھیں، ڈی سیز کمیونٹی کو مشغول کریں تاکہ صفائی کو ایک روزانہ کا معمول بنایا جائے۔ جہاں سے بھی صفائی ہو جائے یوسی چیئرمین ان کو اون کریں۔ صفائی کے ساتھ پولیو مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

مراد علی شاہ نے وزراء کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے تفویض کیلئے گئے علاقوں کی صفائی کی مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے واٹر بورڈ کو ابلنے والے گٹروں کی فوری صفائی اور ڈی سی ضلع جنوبی کو درخت لگانے کی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ سڑکوں پر مٹی بھی نظر نہیں آنی چاہیے، میں شہر کے دورے پر نکلوں گا اگر مجھے سڑکوں پر ملبہ نظر آیا، تو میں اس عمارت کو سیل کردوں گا۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ دکاندار اپنی دکان کے سامنے ڈسٹ بن رکھیں، اگر سڑک پر کچرا پھینکیں تو اس دکان کو سیل کریں۔ ملبہ اٹھانا بلڈرز کا کام ہے، اگر وہ نہیں اٹھاتا تو سندھ حکومت اٹھا کر اسے بل دے۔

وزیراعلیٰ نے غیر قانونی پلاٹنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی بدماش ہے،اسے جیل میں ڈالیں۔ میں کسی صورت کراچی کی زمین کو قبضہ کرنے والوں کو نہیں دوں گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top