مقبول خبریں
ہتھکنڈے استعمال کرلیں، ڈی چوک آنے سے نہیں روک سکتے : مولانا عبدالغفور حیدری

پشاور : مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ہمارے آزادی مارچ میں 18 سال کی عمر کے اور قومی شناختی کارڈ کے حامل ووٹر شریک ہوں گے۔ ہمارے خلاف جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کرلیں، ہمیں ڈی چوک آنے سے نہیں روک سکیں گے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مدارس پر اکتفا نہیں کرتی ہے، ایک بڑی سیاسی جماعت ہے۔ ہمارے ممبران اسمبلی تمام حلقوں سے ایوانوں میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان لانگ مارچ آئے تو یہ خود کشی ہوگی : وزیر داخلہ
انہوں نے کہا کہ کیا صرف مدارس کے طالبعلموں نے ہمیں ووٹ دیا؟ ہم مدارس کے بچوں کے استعمال کی باتوں کو مسترد کرتے ہیں۔ ہمارے آزادی مارچ میں 18 سال کی عمر کے اور قومی شناختی کارڈ کے حامل ووٹر شریک ہوں گے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مدارس کے حوالے سے پروپیگنڈا بند کیا جائے، ہم نے ملک بھر میں 15 ملین مارچ کئے ہیں۔ ہمارے خلاف جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کرلیں، ہمیں ڈی چوک آنے سے نہیں روک سکیں گے۔ آزادی مارچ میں ہر قسم کے لوگ شامل ہو سکتے ہیں۔ دھرنے کی مدت بتانا قبل از وقت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے میں لوگوں نے دیکھا ہے کہ وہاں کیا ہوتا تھا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کا بیان چھوٹی منہ بڑی بات ہے۔ انہیں مشورہ ہے 27 اکتوبر کو گھر سے نہ نکلیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی چوک میں دو روز قبل وفاق المدارس نے کشمیر ریلی نکالی۔ کیا دفعہ 144 کیا صرف ہمارے لئے ہے؟ اگر ملک میں آئین بحال اور جمہوریت ہے تو ہم اپنا جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے. اس حوالے سے ہم نے متفرق بھی پیٹیشن دائر کر دی ہے۔ احتجاج کا حق ہمیں آئین و قانون دیتا ہے، تمام اپوزیشن متفق ہے۔
انہوں نے اپیل کی ہے کارکن 27 اکتوبر کو گھروں سے نکلیں اور کشمیریوں سے یکجہتی کریں، مصافحت کا خیال رکھتے ہوئے کارکن واپس نہ جائیں، اسلام آباد کی طرف آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی چوک پر دھرنے کا انتخاب کیا ہے، وہاں سب انتظامات مکمل ہیں۔ ہمارے کارکنوں کو ریاستی ادارے تنگ کر رہے ہیں، خوف زدہ کیا جارہا ہے، کارکنان نے تمام دباؤ مسترد کردیا ہے۔