مقبول خبریں
وزیر اعلیٰ پنجاب کا 8 اکتوبر کو 2005 کے زلزلے کے شہداء سے اظہار تعزیت

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب نے 8 اکتوبر کو 2005 کے زلزلے کے شہداء سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 8 اکتوبر کو 2005 کے زلزلے کے شہداء کی برسی پر پیغام میں کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے سے پاکستان میں بے پناہ تباہی ہوئی۔ ہزاروں افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ 14 سال بعد بھی اس بدترین زلزلے کی تباہی کو لوگ نہیں بھول سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج اس زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ موثر احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت قدرتی آفات میں عوام کا تحفظ اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ کسی بھی نا گہانی اور قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے عوام میں آگاہی بے حد ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اچھے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں موثر رسپانس میکانزم ضروری ہے۔ تربیت یافتہ ہیومن ریسورس ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 8 اکتوبر کے زلزلے کو 14 سال مکمل، وزیر اعظم کا اظہار تعزیت
واضح رہے کہ 2005 کے قیامت خیز زلزلہ میں بالاکوٹ کا 95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ اور ہزاروں افراد ملبے تلے دب کر زندگی کی بازی ہارگئے تھے، 14 برس قبل شیلٹرز کی صورت میں آباد ہونے والا شہر بالاکوٹ آج بھی وہی شیلٹرز کا شہر ہے۔
حکومت پاکستان نے زلزلہ کے بعد تباہ شدہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کیلئے “ایرا” کا ادارہ قائم کرتے ہوئے اسے مجموعی طور پر 14704 منصوبے مکمل کرنے کا ہدف دیا، جس میں سے اب تک 10 ہزار 857 منصوبے مکمل ہوچکے، 2 ہزار218 منصوبے زیر تعمیر ہیں جبکہ ایک ہزار629 منصوبوں پر ابھی تک کام شروع ہی نہیں کیا جا سکا۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان محمد ادریس محسود کا ماننا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے صرف 73 فیصد منصوبے مکمل ہو سکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہر سال 8 اکتوبر کو قدرتی آفات سے آگاہی کا دن منایا جاتا ہے، اس بار یہ دن آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ منایا جائے گا۔