مقبول خبریں
وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

بیجنگ : وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں، بیجنگ پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال چینی وزیر ثقافت نے کیا۔
وزیر اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر جب چین پہنچے تو چینی وزیر ثقافت لیو شوگنگ، پاکستان میں چائنہ کے سفیر یو جنگ اور پاکستانی سفیر نغمہ ہاشمی نے استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آرنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان کے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود ، وفاقی وزیر پلانگ خسرو بختیار اور چیئرمین سرمایا کاری بورڈ زبیر گیلانی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا ایک سال میں چین کا تیسرا دورہ ہے، اس سے قبل انہوں نے رواں برس اپریل میں چین کا 4 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : انگریزوں نے طبقات بنا کر مسلمانوں کا تعلیمی نظام تباہ کیا : وزیر اعظم عمران خان
اس دوران عمران خان نے بیجنگ میں ’دوسرے ایک خطہ ایک شاہراہ فورم‘ میں شرکت کی تھی۔
دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی کئی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی وزیراعظم نے چین کا دورہ کیا تھا جس میں سیکریٹری خزانہ عارف احمد خان اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد اپنے چینی ہم منصب سے امدادی پیکج کی تفصیلات طے کرنے کے لیے بات کی تھی۔
دونوں ممالک نے 15 سمجھوتوں اور اقتصادی تعاون، تجارت اور دیگر شعبہ جات کے حوالے سے مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے تھے۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں اپنے دورہ چین کے حوالے سے آگاہ کیا تھا کہ بیجنگ نے اسلام آباد کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور پاکستان کو آنے والے وقت میں اس کے ثمرات ملیں گے۔