مقبول خبریں
بچوں سے بدفعلی کے دوران ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

خانیوال : بچوں سے بدفعلی کرکے ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ جودھ پور کے رہائشی تین ملزمان علی رضا، شہروز اور راشد بچوں سے بدفعلی کے دوران ویڈیو بنا کر بلیک میل کرتے تھے۔
معصوم بچے محمد حمزہ کو تینوں ملزمان ورغلا کر ملزم علی رضا کے گھر لے گئے۔ خالی گھر میں معصوم بچے سے زیادتی کرنے کی کوشش کرتے رہے اور بلیک میل کرتے رہے۔
تینوں ملزمان درجنوں معصوم بچوں کے ساتھ بدفعلی کرکے ویڈیو بنا کر بلیک میل کرتے رہے ہیں۔ پولیس نے ڈی پی او خانیوال عمر سعید ملک کے نوٹس کے بعد مرکزی ملزم علی رضا کو گرفتار کیا۔
پولیس نے ملزم کو اپنی حراست میں لیکر لیپ ٹاپ اور ویڈیو بنانے والے موبائل بھی برآمد کر لیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد لیپ ٹاپ سے درجنوں بچوں کے ساتھ بدفعلی کی ویڈیوز بھی ریکور کر لی گئیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیصل آباد کے ایک ہی گائوں میں درجن سے زائد بچوں سے زیادتی کا انکشاف
پولیس نے تین نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ باقی دو ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں سے جنسی زیادتی کرنے والے درندہ صفت ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پورنو گرافی عصر حاضر کا ایک بڑا ناسور ہے، جو ایک کاروبار کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے ساتھ لاکھوں بااثر افراد کے مفادات وابستہ ہیں۔
پورن ویڈیوز کی کئی اقسام ہیں، لیکن ان میں سب سے گھٹیا اور خطرناک کاروبار”وائلنٹ چائلڈ پورن” ہے، جس پر دنیا کے تمام ممالک میں پابندی عائد ہے، لیکن اس کے باوجود وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس صنعت میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
انٹرنیٹ واچ فائونڈیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں پورنوگرافی کا 20 فیصد صرف چائلڈ پورنو گرافی پر مشتمل ہوتا ہے اور اس انڈسٹری کا بزنس 3 بلین ڈالرز ہے۔
اس انڈسٹری کے زیادہ تر گاہک "پیڈو فیلیک” ہیں جو ایک نفسیاتی عارضہ ہے، جس میں مبتلا شخص بچوں میں جنسی کشش محسوس کرتا ہے۔
بچوں کی جنسی زیادتی کے واقعات زیادہ تر کم سن لڑکیوں کے ساتھ پیش آتے ہیں، چنانچہ اعداد و شمار کے مطابق 81 فیصد واقعات بچیوں کے ساتھ اور 19 فیصد واقعات بچوں کے ساتھ پیش آئے ہیں، جبکہ ان میں سے تقریباً 91 فیصد بچیاں 12 سال یااس سے کم عمر ہوتی ہیں۔