مقبول خبریں
بلوچستان کے دو مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے

کوئٹہ : مکران کوسٹل ہائی وے بزی ٹاپ کے قریب مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں دس افراد جاں بحق اور بارہ شدید زخمی ہوگئے۔ خضدار سے چالیس کلو میٹر دور جیوا کے مقام پر دو مسافر ویگنوں میں تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لسبیلہ میں مکران کوسٹل ہائی وے بزی ٹاپ کے قریب مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی۔
پسنی سے کراچی جانے والی کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق اور بارہ شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کرک انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق
ایدھی، بحریہ اور مقامی انتظامیہ کے رضاکاروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ دور افتادہ علاقہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
لیویز کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کو پاک نیوی اسپتال اورماڑہ منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری طرف خضدار سے چالیس کلو میٹر دور جیوا کے مقام پر خضدار سے کوئٹہ اور شہید سکندر آباد سے خضدار آنے والی دو مسافر ویگنوں میں تصادم ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں تین مسافر موقع پر اور ایک اسپتال پہنچ کر زندگی کی بازی ہار گیا۔
خواتین و بچوں سمیت سولا مسافر شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو لیویز اور پرائیوٹ گاڑیوں میں گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال خضدار منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی طبی امداد جاری ہے۔