جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

کراچی میں تین روز تک بارش کا امکان, ملک کے مختلف علاقوں میں سردی نے دستک دیدی

04 اکتوبر, 2019 10:09

کراچی : سردی نے دستک دے دی، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کراچی، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بادل برسے، بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ تین روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بادلوں نے خوب رنگ جمایا، مختلف شہروں میں ژالہ باری نے سردی کی آمد کا پیغام بھی دے دیا ہے۔

گجرات، وزیرآباد، سانگلہ ہل، پتوکی، مظفر گڑھ اور کوٹ چھٹہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 24 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔ کراچی میں صدر، قائد آباد، ایف بی ایریا، ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی۔

بادل برستے ہی کے الیکٹرک کا بوسیدہ نظام بھی بیٹھ گیا، جس سے شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ تین روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

کراچی کا کم سے کم درجۂ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

مغربی علاقوں کی جانب سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، فضا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے۔

موسم کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کی وجہ سے شاید لاہور میں اتنی بارشیں نہ ہوں مگر پنجاب سمیت ملک بھر میں 3 سے 4 روز کا یہ سلسلہ ہے۔

بارشوں سے رات کے اوقات میں درجہ حرارت تین ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہوسکتا ہے، جس سے لاہوری اکتوبر کے روایتی موسم  کا مزہ اٹھا سکیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے حالیہ سلسلے کے باعث لاہور میں کھیلا جانے والا پہلا پاک سری لنکا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top