مقبول خبریں
جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور کے ریمانڈ میں توسیع

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ اسلام آباد احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کی ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز پر سماعت کی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
جج محمد بشیر نے کہا کوئی طریقہ کار بنانا پڑے گا نہیں تو کارروائی آگے کیسے بڑھے گی۔ پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر نے کہا اس سے قبل عدالت نے ایک طریقہ کار وضع کیا تھا۔ جج محمد بشیر نے کہا اس وقت دو ملزمان تھے اب تیس ملزمان ہیں، کیسے طریقہ کار وضع کروں۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا میرے دوست ہیں مگر فیصلے بلاول نے کرنے ہیں، دھرنا کامیاب ہوگا : آصف زرداری
جج محمد بشیر نے استفسار کیا انور مجید کراچی میں ہیں ان کا کیا کریں؟ انور مجید کو بیماری کے باعث اسلام آباد نہیں لایا گیا، قانونی حیثیت کیا ہوگی؟ فاروق ایچ نائیک نے کہا انور مجید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست موجود ہے، عدالت منظور کرسکتی ہے۔
جج محمد بشیر نے کہا جو بینک ملازمین وعدہ معاف گواہ بنے تھے ان کا کیا بنا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا درخواست پر کارروائی جاری ہے۔ جج نے ریمارکس دیئے کب تک کارروائی جاری رہے گی اتنا وقت ہوگیا۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر کچھ دیر تک پیش ہو کر پیشرفت سے آگاہ کر دیں گے۔
تفتشیی افسر کے تاخیر سے آنے پر پراسیکیوٹر اور جج محمد بشیر برہم ہوگئے۔ سردار مظفر نے تفتیشی سے کہا کہ آپ کا انتظار کر رہے ہیں آپ اب پہنچے ہیں؟ جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ صبح پہلے رپورٹ کیا کریں، یہ نہیں ہو گا کہ سب یہاں آپ کا انتظار کرتے رہیں۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے بیرون ملک ملزمان کے لئے وزارت داخلہ سے رجوع کر رکھا ہے، بیرون ملک موجود دو ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یونس قدوائی اور اعظم وزیر کے ریڈ وارانٹ کی درخواست وزارت داخلہ کو دی تھی۔
احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کی ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے