بدھ، 19-مارچ،2025
بدھ 1446/09/19هـ (19-03-2025م)

دو سیاسی جماعتیں مولانا کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہیں : فردوس عاشق

03 اکتوبر, 2019 13:02

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کو دو سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہیں، اپنے سیاسی مفاد میں صرف مولانا کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی میڈیا پر اپنے پیغام میں آزادی مارچ کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب! دو سیاسی جماعتیں آپ کو اپنے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہیں،ان کے عزائم کو بھانپیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو آج مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کریں گے

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی نبض شناس عوام کی نبض کو کیوں نہیں سمجھ پا رہا؟ ان کی باہمی نااتفاقی ثبوت ہے کہ یہ اپنے سیاسی مفاد میں صرف مولانا کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

فردوس عاشق نے کہا کہ مولانا صاحب! عوام میں آپ کی پذیرائی تب ہی ممکن ہے جب آپ اپنی آواز مظلوم کشمیریوں کے حق میں بلند کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر پروٹوکول اور مراعات کا قرض ادا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اپنے الفاظ کے تیروں کا رخ فسطائی مودی کی جانب موڑیں۔


معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی مثال بن چکی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پی پی پی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مسلسل سیاست کر رہی ہیں۔ مولانا کے ذریعے مدارس کے معصوم اور غیر سیاسی بچوں کو سیاسی مفادات کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں جو افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں مولانا کے ساتھ کھڑے ہونے کا خطرہ بھی مول نہیں لینا چاہتیں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آپس میں جو سچ نہیں بول سکتے وہ عوام کے ساتھ کیا سچ بولیں گے؟

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top