مقبول خبریں
بلاول بھٹو آج مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کریں گے

اسلام آباد: بلاول بھٹو آزادی مارچ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کریں گے۔ جے یو آئی ایف کی مجلس عاملہ بھی اپوزیشن تجاویز پر آج پھر سر جوڑ کر بیٹھے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کریں گے۔ بلاول بھٹو ملاقات کے لیئے ان کے رہائش گاہ جائیں گے۔
بلاول بھٹو کی جانب سے ملاقات میں حکومت مخالف تحریک، پیپلز پارٹی کی حکمت عملی اور جے یو آئی ایف سے متعلق کچھ تحفظات کا اظہار بھی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : دو سیاسی جماعتیں مولانا کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہیں : فردوس عاشق
علاوہ ازیں بلاول بھٹو ملاقات کے دوران مولانا کو مارچ کی تاریخ بڑھانے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے اور مارچ کو مذہب کے بجائے عوامی اور سیاسی مسائل پر چلانے کی بات کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی جے یو آئی ایف کو پی پی کے مشاورتی اجلاس اور ن لیگ سے گفت وشنید بارے بھی آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی طرح پیپلز پارٹی بھی مولانا کو تمام اپوزیشن قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا مشورہ بھی دے گی۔ پیپلز پارٹی کو مثبت جواب نہ ملا تو پی پی آزادی مارچ کا حصہ نہیں ہوگی۔
جے یو آئی (ف) ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا بھی پیپلز پارٹی کو کھل کر ساتھ چلنے کا کہیں گے۔ پیپلز پارٹی کے کچھ رہنماؤں کے بیانات پر بھی مولانا اپنے تحفظات بلاول کے سامنے رکھیں گے۔
دوسری طرف جے یو آئی ایف کی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی آج اسلام آباد میں ہوگا۔ مولانا اپوزیشن کی جانب سے آنے والی تجاویز اور آزادی مارچ کی تاریخ میں توسیع کے بارے میں رائے لیں گے۔
مجلس عاملہ آل پارٹیز کانفرنس کو بلانے یا مارچ کو اکتوبر کے آخر میں شروع کرانے کے معاملے پر غور کرے گی۔