مقبول خبریں
حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

اسلام آباد: حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، ماہانہ 300 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنیوالے صارفین کے لیئے بجلی 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔
وزارت توانائی نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اضافے سے بجلی صارفین پر سالانہ 53 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ نیپرا سے منظوری کے بعد کیا گیا ہے، جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔ بجلی کی قیمت ایک سال کے لیئے بڑھائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ پنجاب کا مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایات
نیپرا نے گزشتہ مالی سال کی ایڈجسٹمنٹس، ڈسٹری بیوشن مارجن کے تحت بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی۔
ماہانہ 300 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنیوالے صارفین کے لیئے بجلی 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ہے۔ لائف لائن صارفین، ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیئے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی گئی۔
اس حوالے سے چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح درخواست پر گزشتہ سال کی ایڈجسٹمنٹ پر بجلی مہنگی کرنے کا جلد فیصلہ کیا۔ گزشتہ سال کی بقایہ ایڈجسٹمنٹس کے فیصلے کیلیے درخواست کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اس سے متعلق آئی ایم ایف کے ساتھ کمٹنٹ تھی، 53 ارب روپے کی وصولی کا جلد فیصلہ نہ کرتے تو ملک پر اس کے منفی نتائج پڑتے۔