مقبول خبریں
پیپلز پارٹی کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کے لیئے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔ بلاول بھٹو ملک بھر میں جیالوں کو حکومت کے خلاف متحرک کریں گے۔
حکومت مخالف ٹف ٹائم حکمت عملی کے تحت پیپلز پارٹی ملک بھر میں جلسے اور ریلیاں نکالے گی۔ جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔
اس سلسلے میں پی پی سینیٹر نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے ملک بھر میں جلسوں کا فیصلہ ہوا ہے۔ بلاول بھٹو کے جلسوں اور ریلیوں کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو کے ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جلد میرپور کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کا احتجاج جاری ہے، ہم عوام کو بتائیں گے کہ کس طریقے سے کٹھ پتلی حکومت نے عوام کے حقوق سلب کرلیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مراد علی شاہ گرفتاری کے بعد بھی وزیر اعلیٰ سندھ رہیں گے، بلاول بھٹو کا فیصلہ
اڈیالہ جیل میں اپنے والد اور سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کا سامنا کریں گے، ہم نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اور نہ ہی دباؤ میں آئیں گے، ڈیل اور ڈھیل کی بات درست نہیں، ہم ڈیل پر لعنت بھیجتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پر نہ کوئی جرم ثابت ہوا ہے، نہ ہم جمہوریت، اٹھارویں ترمیم اور انسانی حقوق سے پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہم کسی ڈیل کا حصہ بنیں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا تھا کہ پاکستان کا عدالتی نظام اب بھی ویسا ہی ہے جیسا ایک آمر مشرف کے دور میں تھا، آصف زرداری بغیر کسی سزا کے جیل میں ہیں، اگر ایک سابق صدر کے ساتھ یہ سلوک کیا جارہا ہے تو ایک عام آدمی کو عدالتوں سے کیسے انصاف مل سکتا ہے؟
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے حقوق کیلئے لڑنا جانتی ہے اور ہم اپنے حقوق کے لیے لڑیں گے، اگر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کسی بھی طرح نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان پیپلز پارٹی اس کا بھرپور جواب دے گی۔
"چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کا موجودہ حکومت کو واضح پیغام
اگر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو کسی بھی طرح نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان پیپلز پارٹی اسکا بھرپور جواب دے گی۔”@BBhuttoZardari
(3/3) pic.twitter.com/vSa8VCcHtl— PPP (@MediaCellPPP) September 30, 2019