مقبول خبریں
وزیراعظم عمران خان آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور کے جنوبی علاقے کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکام نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان میر پور اور اس سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کو ہیلی پیڈ پر آزاد کشمیر کے حکام کی جانب سے امدادی، ریلیف اور بحال کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، جس کے بعد وہ زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اسپتال کا دورہ کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع میرپور میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد سے 40 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ ضلع میرپور میں 172 افراد شدید زخمی ہوئے، جبکہ 680 افراد زلزلے کے نتیجے میں معمولی زخم آئے۔
شدید زخمی افراد میں سے 27 تاحال ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اسپتال اور 3 کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
یاد رہے کہ 28 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر اور پنجاب میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے خاندان کو فی کس 5 لاکھ روہے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔
زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے درمیان امدادی رقم کے چیک آج وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کی جانب سے تقسیم کیے جانے کا امکان ہے، جو وزیراعظم عمران خان کے استقبال کے لیے میرپور میں موجود ہیں۔
تاہم وفاقی یا آزاد کشمیر کی حکومت کی جانب سے اب تک زلزلے میں زخمی ہونے والے یا املاک کا نقصان اٹھانے والے افراد کو معاوضہ دینے سے متعلق کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔