ہفتہ، 22-مارچ،2025
جمعہ 1446/09/21هـ (21-03-2025م)

تاریخی دن، پاکستان کو اقوام متحدہ کا ممبر بنے 72 سال مکمل

30 ستمبر, 2019 11:01

اسلام آباد: آج کا دن تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 30 ستمبر 1947 کو پاکستان نے اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پاکستان کو عالمی تنظیم میں شامل ہوئے آج 72 برس مکمل ہوچکے ہیں۔

قیام پاکستان کے ڈیڑھ ماہ بعد 30 ستمبر کو پاکستان اقوام متحدہ میں شامل ہوا تھا۔ اب پاکستان اقوام متحدہ میں شامل مسلمان ممالک کا اہم رکن تصور کیا جاتا ہے۔

اب تک پاکستان اقوام متحدہ کی کئی باڈیز کا منتخب رکن رہ چکا ہے، جن میں انسانی حقوق کونسل، یونیسیف ایگزیکٹو بورڈ، اقوام متحدہ تعاون کمیٹی شامل ہیں۔

پاکستان نے عالمی امن کیلئے اقوام متحدہ کے تحت پہلی بار 1960 میں کانگو میں اپنی خدمات فراہم کیں۔

پاکستان نے مجموعی طور پر 23 ممالک میں 41 امن مشن میں اپنی فورسز کو بھیجا۔ پاکستان کے 137 فوجیوں نے ان مشنز کے دوران جام شہادت بھی نوش کیا۔

گزشتہ 72 سالوں سے پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کررہا ہے۔

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی قرار دادوں کا سب سے بڑا حامی ہے اور چاہتا ہے کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حالیہ تقریر کو بہت پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس سے خطاب میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدترین ظلم کو عالمی فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا تھا اور بھارت کے اقدامات سے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘میں اس بات کو دہرانا چاہتا ہوں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے یہ ایک نازک موقع ہے، اس صورت حال پر ردعمل ہوگا اور پھر پاکستان پر الزامات عائد کیے جائیں گے، دو جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک آمنے سامنے آئیں گے جس طرح ہم فروری میں آئے تھے’۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top