مقبول خبریں
ایف بی آر، بے نامی جائیدادوں کی معلومات اکٹھا کرنے کے لیے بے نامی زونز کی تشکیل

اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے ملک گیر بے نامی جائیدادوں کی معلومات اکٹھا کرنے کے لیے اینٹی بے نامی زونز تشکیل دے دیئے۔
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے احکامات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے ملک گیر بے نامی جائیدادوں کے متعلقہ معلومات اکٹھا کرنے کے لیے اینٹی بے نامی زونز تشکیل دیے ہیں جو کہ صوبائی ریوینیو اٹھاریٹیز، صوبائی ڈویلپمنٹ اتھاریٹیز اور اسلام آباد انتظامیہ کی مدد سے معلومات اکٹھا کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کو ٹیکس وصولیوں میں مشکلات کا سامنا
ایف بی آر نے کہا کہ ان اداروں کے متعلقہ افسران کو بے نامی قوانین کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی ہے اور بے نامی جائیدادوں پر نشاندہی اور رپورٹنگ پر مزید راہ نمائی دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ایف بی آر کا اینٹی بے نامی ڈائریکٹوریٹ فی الوقت 104 بے نامی جائیدادوں کے 79 مالکان کی نشاندہی کر چکا ہے اور اس معاملے کی چھان بین بھی کر رہا ہے۔ کراچی میں 58، لاہور میں 18، اور اسلام آباد میں 28، بے نامی جائیدادیں واقع ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے مزید بتایا کہ ان جائیدادوں کے خریدار اور فروخت کنندہ کو نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں۔ 4 بلین روپے کی مالیت کی جائیدادیں بشمول بینک اکاؤنٹس شئیرز اور زمین کے 15 کیسز پہلے ہی ضبط کئے جا چکے ہیں۔