مقبول خبریں
عمران خان تقریر کے پرانے فنکار ہیں، اب ان کے قدم اٹھانے کے منتظر ہیں : احسن اقبال

لاہور: عمران خان تقریر کے پرانے فنکار ہیں۔ زور و شور سے کی گئی تقریر کا حال نئے پاکستان جیسا نہ ہو۔ کشمیر کے حوالے سے موجودہ حکومت کی سفارتی سطح پر بدترین ناکامی ہے۔
مسلم لیگ کے رہنماء احسن اقبال نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے کیس میں حکومت کی طرف سے جو انتقامی کاروائی نظر آ رہی اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ ہم آئندہ اپنی نسلوں کو کیسا نظام عدل دے کر جائیں گے۔ رانا ثناء اللہ اور ان کے خاندان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے لیگی رہنماء نے کہا کہ عمران خان تقریر کے پرانے فنکار ہیں۔ 2011 کو بھی انہوں نے مینار پاکستان پر بہت شاندار تقریر کی تھی۔ 2011 کی نئے پاکستان کی تقریر سے عمران خان نے یو ٹرن لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی ہر تقریر پر یو ٹرن لیا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ وہ اپنی اقوام متحدہ کی تقریر سے یو ٹرن نہیں لیں گے۔
کشمیر پر سفارتکاری پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اچھی تقریر کے ساتھ سفارتکاری کی ضرورت ہے۔ پچھلے پچاس دنوں میں اچھی سفارتکاری نہیں کی گئی۔ کشمیر کے حوالے سے موجودہ حکومت کی سفارتی سطح پر بدترین ناکامی ہے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جتنی زور و شور سے تقریر کی گئی ہے، تو دیکھنا ہوگا کہ آنیوالے دنوں اس تقریر کا حال نئے پاکستان جیسا نہ ہو۔ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت اگر قومی اتفاق رائے سے کام کرتی ہے تو اپوزیشن دو قدم آگے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم کی تقریر کا کاؤنٹ ڈاون شروع ہو گیا ہے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ بھارت کے وزیر اعظم نے ایک قدم اٹھایا تو ہم دو اٹھائیں گے۔ ہم عمران خان کے قدم اٹھانے کے منتظر ہیں۔