مقبول خبریں
قندیل کے قاتل بھائی کو عمر قید، مفتی عبدالقوی بری ہوگئے

ملتان : ماڈل کورٹ ملتان نے بڑے کیس کا بڑا فیصلہ سنادیا۔ معروف ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں مرکزی ملزم بھائی وسیم کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ مفتی عبدالقوی سمیت باقی ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
ماڈل کورٹ ملتان کے جج عمران شفیع نے معروف ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔ عدالت نے مقتولہ کے بھائی مرکزی ملزم وسیم کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قندیل بلوچ کے قتل کیس کا فیصلہ محفوظ
دیگر پانچ ملزمان مفتوی عبدالقوی، اسلم شاہین، ظفراقبال اور حق نواز عبدالباسط کو شک کی بناء پر باعزت بری کردیا اور ایک ملزم عارف جو بیرون ملک مفرور اور مقتولہ کا بھائی تھا اس کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں لکھا کہ ملزم وسیم نے اقبال جرم کیا، جس پر انہیں عمر قید کی سزا سنائی جاتی ہے، جبکہ دیگر تمام ملزمان جن میں مفتی عبدالقوی سمیت قندیل بلوچ کے بھائی عارف، کزن حق نواز، اسلم شاہین اور ٹیکسی ڈرائیور عبدالباسط شامل تھے کو بری کر دیا گیا ہے۔
ماڈل قندیل بلوچ کو 15 جولائی 2016 کو تھانہ مظفرآباد کی حدود، جہاں وہ ایک کرایہ کے مکان میں رہائش پزیر تھی فائرنگ کرکے غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔
جس کا مقدمہ 17 جولائی 2016 کو والد عظیم ماڑہ کی مدعیت میں تھانہ مظفرآباد میں 6 افراد کے خلاف درج کرلیا گیا تھا، جبکہ ممتاز مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی کو سیلفی بنانے کے جرم میں بعد میں اس مقدمہ میں نامزد کیا گیا تھا۔
قندیل بلوچ کو 15 جولائی 2016 کو مظفرآباد میں قتل کیا گیا تھا اور 17 جولائی 2016 سے 26 ستمبر 2019 تک اس کیس کی 152 سماعتیں ہوئیں۔ ماڈل کورٹ نے گزشتہ روز کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج سنا دیا گیا۔