بدھ، 19-مارچ،2025
بدھ 1446/09/19هـ (19-03-2025م)

پاکستان نے افغان صدارتی الیکشن کے باعث پاک افغان بارڈر بند کردیا

27 ستمبر, 2019 13:06

چمن : پاکستان نے افغان صدارتی الیکشن کے باعث پاک افغان بارڈر بند کردیا ہے۔

پاکستان نے افغانستان میں ہفتے کے روز ہونے والے صدارتی الیکشن کے باعث حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مریضوں کے علاوہ ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں اور پیدل آمدورفت بند کردی ہے۔

پاک افغان باڈر پر دونوں طرف سیکورٹی کی سخت انتظامات کیئے گئے ہیں اور ایف سی حکام کی جانب سے باڈر پر پیٹرولنگ میں اضافہ کردیا ہے۔

افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے افغان قوم تقسیم کا شکار ہے اور تقسیم کا شکار افغان شہری اس تذبذب کا شکار ہیں کہ وہ اپنے ووٹ کاسٹ کریں یا نہ کریں۔

ایک جانب افغان شہری طالبان کے خوف سے ووٹ نہیں ڈالنا چاہتے ہیں، لیکن دوسری جانب کچھ اس سوچ میں ہیں کہ وہ اگر اپنا حق رائے دہی استعمال کر بھی لیتے ہیں تو یہ الیکشن فراڈ نہ ہوجائیں۔ افغانستان میں 2001 سے حکومت بننے کے بعد یہ چوتھا الیکشن ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کا دھماکہ، میجر اور سپاہی شہید

قندھار کے ایک شہری کا کہنا ہے کہ زیادہ تر علاقوں میں شہری طالبان کے خوف سے ووٹ نہیں ڈالیں گے، لیکن اگر کوئی امیدوار منتخب ہو بھی جاتا ہے تو وہ افغان شہریوں کا انتخاب نہیں ہوگا۔

دوسری طرف افغان امن کے لیئے طالبان اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے خاتمے کے بعد طالبان کی جانب سے حملوں میں شدت آگئی ہے۔

اقوام متحدہ نے صدارتی انتخابات سے قبل امن و امان کی خراب صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی عمل کے دوران ووٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

چند روز قبل افغان صوبے پروان میں افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی اور کابل اسکوائر میں امریکی سفارتخانے کے نزدیک طالبان کے خودکش حملوں کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ ریلی کابل کے شمال میں واقع پروان صوبے میں ہو رہی تھی اور اس سے صدر اشرف غنی خطاب کررہے تھے۔

صوبہ پروان کے دارالحکومت چاریکار میں ہونے والی الیکشن ریلی میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں کم از کم 42 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

طبی عملے کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top