ہفتہ، 22-مارچ،2025
ہفتہ 1446/09/22هـ (22-03-2025م)

مراد علی شاہ گرفتاری کے بعد بھی وزیر اعلیٰ سندھ رہیں گے، بلاول بھٹو کا فیصلہ

27 ستمبر, 2019 15:48

کراچی : چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں انہیں ہی وزیراعلی سندھ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے

پیپلزپارٹی کے اعلیٰ ذرائع نے جی نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلاول بھٹو نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں مراد علی شاہ کو گرفتار کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں کسی دوسرے شخص کو وزیراعلی سندھ نہیں بنایا جائے گا، بلکہ مراد علی شاہ ہی بطور وزیراعلی سندھ اپنی خدمات انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : صحت کارڈ پر سندھ حکومت تعاون نہیں کررہی : گورنر سندھ عمران اسماعیل

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جس طرح آغا سراج خان درانی گرفتاری کے باوجود اسپیکر کے منصب پر رہے اسی طرح وزیراعلی سندھ برقرار رہیں گے جیل یا نیب حراست میں بھی صوبے کے معاملات مراد علی شاہ بطور وزیراعلی سندھ چلائیں گے۔

دوسری طرف بلاول بھٹو آج گھوٹکی جائیں گے، بلاول بھٹو گزشتہ دنوں متاثر ہونے والے مندر اور جامع مسجد کا دورہ کریں گے۔

دورہ گھوٹکی کے بعد سکھر سے اسلام آباد کے لیئے روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل یہ خبریں گردش کرہی تھیں کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سید مراد علی شاہ کی گرفتاری کی صورت میں ناصر حسین شاہ کو نیا وزیر اعلیٰ بنانے کی تیاری کر رہی ہے۔ وہ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سربراہ فریال تالپور کے قریب بتائے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے تصدیق کئے بغیر سیاسی دباؤ پر سندھ حکومت کے خزانے سے اربوں روپے کی رقم شوگر ملز کو سبسڈی میں دی اور ان شوگر ملز کو بھی سبسڈی دی جن کی کوئی مشینری ہی نہیں تھی۔

ان پر دوسرا الزام ہے کہ انہوں نے محکمہ خزانہ سے دیگر محکموں کو جاری کی جانے والی رقوم سے ملنے والی کمیشن کی رقم کہاں خرچ کی اسکا بھی کوئی ریکارڈ نہیں ہے کہ متعلقہ رقم کہاں خرچ کی گئی ۔

سی ایم سندھ پر ضلع ملیر میں زمین ضیا الدین اسپتال کے نام کرنے کا بھی الزام ہے، جس کی نیب تحقیقات کر رہی ہے اور تحقیقات کے دوران نیب میں پیش بھی ہو چکے ہیں ۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top