مقبول خبریں
خورشید شاہ کے خلاف تحقیقات میں سرکاری افسران کے تاخیری حربے

سکھر : پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کے خلاف تحقیقات کے لیئے نیب کو مشکلات کا سامنا ہے، سرکاری محکموں میں موجود افسران ریکارڈ کی فراہمی میں تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ نیب نے دفاتر جا کر خود تحقیقات شروع کردی ہے۔
قومی احتساب بیورو نے پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماء اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق مختلف سرکاری محکموں میں موجود افسران نیب کو ریکارڈ فراہم کرنے میں تاخیری حربہ استعمال کرنے لگے ہیں۔ تاخیر کے باعث نیب کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس پر نیب نے متعلقہ اداروں میں خود جا کر تفتیش شروع کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خورشید شاہ کی گرفتاری کی قومی اسمبلی میں گونج، شور شرابہ، اجلاس ملتوی
نیب یکم اکتوبر سے قبل خورشید شاہ کے مبینہ فرنٹ مینوں کے اہل خانہ کی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی حاصل کرنے میں مصروف ہے۔
نیب نے ڈپٹی کمشنر سے رازدارانہ لیٹر کے ذریعہ مبینہ فرنٹ مینوں اور ان کے اہل خانہ کی جائیداد کے ریکارڈ اور خریداری اور حالیہ قیمت بھی معلوم کی ہے۔
نیب کی جانب سے خورشید شاہ کے فرنٹ مینوں اعجاز علی، محمد شہباز علی، محمد شیراز علی، جوتی ساروپ آہوجا، اجیت کمار آہوجا، قاسم شاہ، پپو مہر اور لُڈہو مل کی جائیداد کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔
نیب نے روینیو افسران سے ریکارڈ سمیت کمبائنڈ ٹیم کے سامنے شواہد کے ساتھ پیش ہونے کا بھی کہا تھا۔
اہلکاروں کی جانب سے ریکارڈ پیش کرنے میں تاخیری حربہ استعمال کرنے کے بعد نیب ٹیم نے خود مختیار کار آفس جانا شروع کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے دوبارہ ریکارڈ طلبی کے لئے پنوعاقل، روہڑی، صالح پٹ، سکھر اور نیو سکھر کے مختیار کار کو لیٹر ارسال کیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب سکھر کی ٹیم نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے گھر چھاپہ مارا تھا۔
ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران رہنماء پیپلز پارٹی خورشید شاہ کی بیگم اور بچوں کے کمروں کی بھی تلاشی لی گئی تھی۔
یاد رہے کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کو نیب نے چند روز قبل اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔
پی پی رہنما کو نیب سکھر کے کیس میں نیب راولپنڈی کی ٹیم نے گرفتار کیا گیا تھا۔
نیب ٹیم نےخورشید شاہ کے بنی گالہ والے گھر پہ چھاپہ مار کر پورے گھر کی تلاشی لی تھی جبکہ ان کے ذاتی استعمال میں رہنے والے کمرے کی بھی تلاشی لی گئی تھی۔