جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

ابتدائی سروے : زلزلے سے ایک فوجی جوان سمیت 22 افراد جاں بحق ہوئے : آئی ایس پی آر

25 ستمبر, 2019 11:44

راولپنڈی: پاک فوج کی جانب سے آج آنے والے زلزلے سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے کیلئے ابتدائی فضائی و زمینی سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ ایک فوجی جوان سمیت 22 افراد جاں بحق ہوئے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جہلم اور آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے کے باعث ایک فوجی جوان سمیت 22 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ریکارڈ کے مطابق 160 افرادزخمی ہوئے۔ زلزلے کی وجہ سے جاتلاں کے قریب 3 پلوں کو نقصان ہوا۔ میرپور، جاتلاں اور جاری کس میں سڑکوں کو نقصان پہنچا جبکہ منگلا ڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں : زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی : آزاد کشمیر حکومت

پاک فوج دیگر اداروں سے مل کر امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ پاک فوج کی انجینئرنگ ٹیم سڑکوں اور پلوں کی مرمت میں مصروف ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف زخمیوں کو طبی امداد مہیا کررہے ہیں۔ سی ایم ایچ جہلم اور منگلا میں زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں رات بھر جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں زلزلے کے بعد پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سول انتظامیہ کی مدد کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ‘چیف آف آرمی اسٹاف نے آزاد جموں و کشمیر میں زلزلے کے متاثرین کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ فوری طور پر ریسکیو آپریشن کی ہدایت کر دی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج کی طبی امدادی ٹیمیں اور ایوی ایشن کے دستے فوری طور پر روانہ کردیے گئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں موجود شہریوں نے ٹویٹر سمیت سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا تھا اور زلزلے کے وقت ان کے احساسات سے آگاہ کیا۔

ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ ‘شدید زلزلہ تھا امید ہے کہ خطہ محفوظ ہو، بظاہر اسلام آباد کے ساتھ ساتھ نئی دہلی اور سری نگر میں بھی محسوس کیے گئے’۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top