مقبول خبریں
زلزلہ متاثرین کی آبادکاری اور بحالی کے لئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی : فردوس عاشق

میرپور : فردوس عاشق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ آج ہی وزیر اعظم کو بھیجی جائے گی۔ حکومت پاکستان متاثرین کی آبادکاری اور بحالی کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
میرپور کے علاقے جاتلاں میں این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹینٹ جنرل افضل کے ہمراہ میڈیا کو بریفننگ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ ملکر آزاد کشمیر میں زلزلے سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شاداب خان کا اپنی میچ فیس زلزلہ متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان
فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ آج ہی بھجوادی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نقصانات کا جائزہ ایس ڈی ایم اے کے سروے سے لیا جائے گا، تمام متاثرین جن کا جانی یا مالی نقصان ہوا ہے، حکومت پاکستان ان کی آبادکاری اور بحالی کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر زلزلے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمی سے اظہار یکجہتی کے لئے میر پور سمیت تمام متاثرہ علاقوں کے دورے پر آئی ہوں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے آج ملاقات کی ہے، جس میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئی متوازی ڈھانچہ کھڑا نہیں کیا جائے گا، بلکہ آزاد کشمیر کے محکمہ رینیو اور ایس ڈی ایم اے کے ساتھ ملکر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مربوط بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحہ میں بھی پاک فوج اور این ڈی ایم اے کا کلیدی کردار رہا ہے۔این ڈی ایم اے تمام سٹیک ہولڈر کو شراکت دار بنا کر اپنا کام آگے بڑھا رہی ہے۔