مقبول خبریں
ترکی نے مقبوضہ کشمیر پر واضح، دوٹوک مؤقف اپنایا، شہباز شریف کا اظہار تشکر

اسلام آباد : شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے واضح، دوٹوک اور واشگاف مؤقف اپنایا۔ ہر پاکستانی کو اپنے ترک بھائی پر فخر ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے لئے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان اور کشمیر کاز کی بھرپور حمایت پر ترکی نے دوستی کا حق ادا کیا۔ پاکستان اور ترکی دو سچے دوست اور قابل اعتماد بھائی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعہ پر ترکی نے واضح، دوٹوک اور واشگاف مؤقف اپنایا۔ ہر پاکستانی کو اپنے ترک بھائی پر فخر ہے۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے مفاد اور جذبہ اخوت میں ترکی نے ہمیشہ قابل قدر اور لائق تحسین کردار ادا کیا۔ ترکی نے واضح موقف کے اظہار سے کشمیریوں کو پیغام دیا کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور اپنی جانب سے ترکی کے صدر، حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب ادوان نے کہا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر توجہ دینے میں ناکام رہے جو 72 برسوں سے حل طلب ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی ایشیاء کی سلامتی کو مسئلہ کشمیر سے جدا نہیں کیا جاسکتا : طیب اردوان
ترک صدر کا کہنا تھا کہ کہ جنوبی ایشیا کی سلامتی و استحکام کو مسئلہ کشمیر سے جدا نہیں کیا جاسکتا ہے۔
طیب اردوان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ‘کشمیر یوں کو اپنے ہمسایہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ محفوظ مستقبل بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے کو تصادم کے بجائے مذاکرات، انصاف اور برابری کے ذریعے حل کیا جائے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے باوجود خطہ زیرتسلط ہے اور 80 لاکھ افراد کشمیر میں پھنسے ہوئے ہیں’۔
خطے کی سلامتی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘افغانستان میں تقریباً چار دہائیوں سے حملوں، تنازعات اور دہشت گردی کے واقعات سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوا’۔