بدھ، 19-مارچ،2025
بدھ 1446/09/19هـ (19-03-2025م)

صدارتی ریفرنس کیخلاف جسٹس فائز عیسیٰ کی آئینی درخواستوں کی سماعت

24 ستمبر, 2019 16:01

اسلام آباد : جسٹس فائز عیسیٰ کی آئینی درخواستوں کی سماعت کے دوران بنچ سربراہ جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے، فیصلہ آئین و قانون کے مطابق کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 9 رکنی فل کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی صدارتی ریفرنس کے خلاف دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کی۔

قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک نے خرابی صحت کی بنا پر التواء کی درخواست دائر کی، جبکہ جسٹس منصور علی شاہ بھی چھٹی پر ہونے کے باعث غیر حاضر تھے۔

جسٹس عمر عطاءبندیال نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایک اہم کیس ہے، قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل کی طرف سے التواءکی درخواست آئی ہے، ہمیں معلوم ہے کہ وکیل منیر اے ملک کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان کو روسٹرم پر بلالیا اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کررہی ہے، آپ اپنے جواب تیار کریں، یہ ہمارے برادر جج کا معاملہ ہے، کیس صرف بار ایسوسی ایشن نہیں بلکہ ہمارے لئے بھی بے چینی کا باعث ہے، ہم اس کیس کو جلد نمٹانا چاہتے ہیں، ہم جو بھی کرینگے، قانون و آئین کے مطابق کرینگے اس معاملے میں لمبی مدت کیلئے التواء نہیں دیا جائیگا۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر رحمان نے اس موقع پر مؤقف اپنایا کہ ہمیں مزید وقت نہیں چاہیے، درخواست گزار دلائل دیں ہم تحریری طور پر دلائل دینگے، عدالت جو بھی تاریخ مقرر کرے گی ہم تیاری کرکے آئیں گے۔

عدالت نے اس موقع پر قرار دیا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کا موقف ہے کہ ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے، درخواستوں میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں، جن کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، تمام درخواستوں میں 70 فیصد مؤقف مشترک ہے۔ درخواستوں میں جسٹس افتخار چوہدری کیس پر انحصار کیا جارہا ہے۔

سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ نے اٹارنی جنرل کو ایک ہفتے میں جواب داخل کرانے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے صدر، وزیر اعظم اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے، جبکہ وزیر قانون فروغ نسیم، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور سپریم جوڈیشل کونسل سے بھی جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت آٹھ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top