مقبول خبریں
مشن کشمیر جاری، وزیر اعظم کی برطانوی ہم منصب اور چینی وزیرخارجہ سے ملاقاتیں

نیو یارک : وزیراعظم عمران خان کا مشن کشمیر جاری ہے۔ وزیراعظم سے برطانوی ہم منصب اور چینی وزیرخارجہ نے اہم ملاقاتیں کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے ملاقات ہوئی ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی یہ ملاقات ناشتے پر ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے بورس جانسن کو مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں میں دیگر ایشوز پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم سے ترک اور ایرانی صدر کی ملاقاتیں
وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی۔ اس دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، افغان امن عمل اور خطے کی صورتحال سمیت اہم عالمی امور پر بات کی گئی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ملیحہ لودھی نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے وانگ ژی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور اس سے کشمیریوں کو پیش آنے والی اذیت ناک صورتحال سے آگاہ کیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھی اپنے چینی ہم منصب سے اہم ملاقات ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین جزو ہیں۔ ہندوستان کے یکطرفہ اقدام اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورت حال کے حوالے سے چین کا تعاون قابل تحسین ہے۔
نیویارک میں موجود وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کے ایرانی ہم منصب نے بھی ملاقات کی۔ دونوں وزرا ئے خارجہ کے درمیان مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی گئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے امریکی صدرسے ملاقات میں مشن کشمیر پر کھل کر بات کی ہے۔ مقبوضہ وادی کے اسی لاکھ افراد بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ٹرمپ سے ملاقات میں افغان مسئلے پر بھی بات کی۔ افغانستان کا مسئلہ بھی گفت و شنید سے حل ہوگا۔