بدھ، 19-مارچ،2025
بدھ 1446/09/19هـ (19-03-2025م)

وزیراعظم کی زلمے خلیل زاد، امریکی سینیٹر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

23 ستمبر, 2019 09:30

نیویارک: وزیراعظم کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد، امریکی سینیٹر لنزے گراہم اور سیکریٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت کشمیری رہنماؤں کے وفد سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، جس میں مقبوضہ کشمیر، افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات

سینیٹر لنزے گراہم کی وزیراعظم عمران خان سے نیویارک میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان اقوام متحدہ کی 74ویں جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے اس وقت نیویارک میں موجود ہیں۔ عمران خان اور سینیٹر لنزے گراہم کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تعلقات، دلچسپی اموراور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے پاک امریکا تعلقات میں مضبوط کردار ادا کرنے پر سینیٹر لنزے گراہم کی حمایت کو سراہا۔

ملاقات میں عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بگڑتی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے، جو کہ علاقائی استحکام کے لئے خطرہ ہے۔

عمران خان نے کہا امریکا تنازع کشمیر کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ عمران خان نے افغان مسئلے کا سیاسی حل اور امن کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر لنزے گراہم نے افغان امن عمل میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا میں باہمی مفاد کے لیے اعلی سطح پر پائیدار تعلقات فائدہ مند رہےجو کہ خطے کے استحکام کے لئے ضروری تھے۔

امریکا میں مقیم کشمیریوں کے نمائندہ وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے امریکا میں مقیم کشمیریوں کے نمائندہ وفد کی نیو یارک میں ملاقات ہوئی۔ وفد میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر غلام میر، ڈاکٹر خالد قاضی، امتیاز خان، عبدالروف میر، سردار سرور خان اور دیگر شامل تھے۔

وزیر اعظم عمران خان سے امریکا میں مقیم کشمیریوں کے نمائندہ وفد کی نیو یارک میں ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں ابتر صورتحال کو عالمی سطح پر بھرپور طرح سے اجاگر کرنے پر وفد نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وفد میں ان مظلوم کشمیریوں کے قریبی رشتہ دار بھی موجود تھے، جو اس وقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں زیر حراست ہیں یا جن سے کوئی رابطہ نہی ہو پا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، مشن کشمیر ہے : ملیحہ لودھی

وفد نے وزیر اعظم کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے وفد کو یقین دلایا کے وہ ہر سطح پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند گریں گے۔

نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی وزیر اعظم سے ملاقات

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

زلمے خلیل زاد وزیراعظم سے ملاقات کے لیے نیویارک کے ہوٹل روز ویلٹ پہنچے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس مختصر ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان اس وقت سات روزہ امریکی دورے پر ہیں، جہاں وہ مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دورے کا مقصد دنیا اور امریکا کو کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

نیویارک میں وزیراعظم عمران خان سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردار کوا سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے کشمیری نوجوانوں پر بھارتی فوج کی پیلٹ گنوں کے استعمال کے تباہ کن اثرات پر ایمنسٹی کی رپورٹ کو بھی سراہا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top